اسلام آباد(نوائے وقت رپورٹ) حکومت نے عوام پر بجلی بم گرادیا، کراچی سمیت ملک بھر کے لیے بجلی مہنگی کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا۔ بجلی کے بنیادی ٹیرف میں اضافے کا نوٹیفکیشن پاور ڈویڑن نے جاری کیا۔ گھریلوصارفین کے لیے بجلی کے بنیادی ٹیرف میں 7.12روپے تک اضافہ کردیا گیا۔ ماہانہ200 یونٹ تک والے گھریلو صارفین کو صرف 3 ماہ کے لیے اس اضافے سے مستثنٰی قرار دیا گیا ہے۔ باقی گھریلوصارفین کے لیے بجلی کا بنیادی ٹیرف بڑھادیا گیا جس کے نتیجے میں فی یونٹ بنیادی ٹیرف48 روپے84 پیسے تک پہنچ گیا۔ ماہانہ201 سے300 یونٹ تک کا ٹیرف7.12 روپے اضافے سے34.26 روپے ہوگیا۔ 301 سے400 یونٹ کا ٹیرف7.02 روپے اضافے سے39.15روپے ہوگیا۔ 401 سے500 یونٹ کا ٹیرف6.12 روپے اضافے سے41.36 روپے اور 501 سے600 یونٹ کا ٹیرف6.12روپے اضافے سے42.78 روپے جبکہ 601سے 700 یونٹ کا ٹیرف 6.12 روپے اضافے سے43.92 روپے ہوگیا۔ ماہانہ سات سو یونٹ سے زیادہ کا ٹیرف 6.12 روپے اضافے سے 48.84 روپے ہو گیا۔ ٹیکسوں کو ملا کر سلیب کے حساب سے فی ہونٹ ٹیرف کی قیمت ماید بڑھ جائے گی۔ ماہانہ 50 یونٹ تک لائف لائن صارفین کیلئے ایک یونٹ 3.95 روپے اور ماہانہ51 سے100 یونٹ تک کیلئے 7.74 روپے ہی رہے گا۔ دوسری طرف بجلی صارفین پر ایک ہزار تک فکسڈ چارجر کا نوٹیفیکیشن جاری کر دیا گیا، اطلاق یکم جولائی 2024 سے ہوگا۔ تین سو تک گھریلو صارفین کو مستثنیٰ قرار دیا گیا، صنعتی صارفین کیلئے ماہانہ فکسڈ چارجر میں 184 فیصد بڑھایا گیا، کمرشل صارفین کیلئے ماہانہ فکسڈ چارجز میں 150 فیصد اضافہ ہوا جو 500 روپے سے بڑھ کر 1250 روپے ہو چکا، زرعی ٹیوب ویلز صارفین کیلئے ماہانہ صارفین کیلئے ماہانہ فکسڈ چارجز 100 فیصد اضافہ ہوا، 200 روپے سے بڑھ کر 400 روپے ہوئے ہیں ۔
بجلی 7.12 روپے مہنگی، فکسڈ چارجز کا نوٹیفیکیشن، 200 یونٹ تک صارفین مستثنیٰ
Jul 15, 2024