گنڈا پور سے ملاقات، چینی کمپنی کی معدنیات، صنعت میں سرمایہ کاری کی خواہش

Jul 15, 2024

پشاور(بیورو رپورٹ)وزیر اعلی خیبر پی کے سردار علی امین خان گنڈاپور سے چین کی نجی سرمایہ کار کمپنی کے وفد نے گزشتہ روز وزیر اعلیٰ ہاؤس پشاور میں ملاقات کی اور مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا۔ وفد نے خیبر پی کے میں معدنیات اور صنعت کے شعبوں میں سرمایہ کاری کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کمپنی اس سلسلے میں ایک ہفتے کے اندر صوبائی حکومت کو قابل عمل تجاویز پیش کرے گی۔ وزیر اعلیٰ نے متعلقہ حکام کو ان تجاویز کا جائزہ لے کر مزید پیشرفت کے لئے لائحہ عمل تیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے وفد کو لائیو اسٹاک، سولر انرجی، زراعت اور دیگر شعبوں میں بھی سرمایہ کاری کی پیشکش کرتے ہوئے کہا کہ خیبر پی کے میں بیرونی سرمایہ کاری کے بے پناہ مواقع موجود ہیں‘ہم بیرونی سرمایہ کاری کی نہ صرف حوصلہ افزائی کریں گے بلکہ سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولیات بھی فراہم کریں گے۔ وزیر اعلی کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت زراعت کی ترقی کے لئے چین کی جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔صوبائی حکومت سرکاری دفاتر اور تعلیمی اداروں کے علاوہ مستحق گھرانوں کو سولر انرجی کی فراہمی کے منصوبے پر کام کر رہی ہے۔ صوبے میں سولر پلییٹس اور سولر بیٹری میں استعمال ہونے والے معدنیات کے وافر ذخائر موجود ہیں‘ صوبائی حکومت صوبے میں ہی سولر پینل اور سولر بیٹری کی صنعت قائم کرنا چاہتی ہے‘ اس لئے اس شعبے میں سرمایہ کاری کے بے حد مواقع موجود ہیں اور ہم اس شعبے میں چینی سرمایہ کاری کی بھر پور حوصلہ افزائی کریں گے۔

مزیدخبریں