توشہ خانہ نیا ریفرنس: عمران، اہلیہ کا 8 روزہ جسمانی ریمانڈ، لاہور پولیس کی اڈیالہ جیل میں تفتیش

اسلام آباد + راولپنڈی (نمائندہ نوائے وقت + نوائے وقت رپورٹ) توشہ خانہ کے نئے ریفرنس میں بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کا 8 ,8  دن کا جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا گیا ہے۔ احتساب عدالت کے جج محمد علی وڑائچ نے توشہ خانہ کے نئے ریفرنس میں عمران خان اور بشریٰ بی بی سے متعلق کیس کی سماعت اڈیالہ جیل میں کی۔ عدالت نے بانی چیئرمین پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کا 8، 8 دن کا جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا۔ احتساب عدالت نے عمران خان اور بشریٰ بی بی کو  جسمانی ریمانڈ پورا ہونے کے بعد 22  جولائی کو دوبارہ پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔ نیب ٹیم نے 14دن ریمانڈ مانگا، جسے فاضل عدالت نے مسترد کر دیا۔ پہلے عدالت نے 6دن کا ریمانڈ دیا، بعد ازاں ریمانڈ میں2  دن بڑھا دیئے، دونوں کا ریمانڈ بڑھا کر8  دن کر دیا گیا ہے۔ عدالت کا کہنا تھا کہ20 جولائی کو 190ملین پائونڈ ریفرنس کی بھی سماعت ہے، اس لئے ریمانڈ بڑھایا۔ بانی پی ٹی آئی عمران خان آج  پیر کو ویڈیو لنک کے ذریعے لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت (اے ٹی سی) میں پیش ہوں گے۔ ذرائع کے مطابق لاہور پولیس نے 9 مئی مقدمات میں بانی پی ٹی آئی سے  ابتدائی تفتیش کا مرحلہ مکمل کر لیا ہے۔ جس کی رپورٹ عدالت پیش کی جائے گی۔ ذرائع کے مطابق بانی چیئرمین عمران خان کے خلاف مجموعی طور پر16 مقدمات درج ہیں، انہوں نے4  میں ضمانت کروا رکھی ہے۔ دریں اثناء لاہور پولیس کی بانی پی ٹی آئی عمران خان سے اڈیالہ جیل میں تفتیش کا آج کا مرحلہ مکمل ہو گیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق بانی پی ٹی آئی عمران خان کی جناح ہاؤس حملے سمیت 9 مئی کے 12 مقدمات میں گرفتاری ڈال دی گئی۔ عمران خان سے ریاست مخالف اکسانے کی دفعات کے تحت تفتیش کی جائے گی۔ واضح رہے کہ  عمران خان کے خلاف مجموعی طور پر 16 مقدمات درج ہیں، لاہور پولیس کی 12 رکنی ٹیم نے عمران خان سے تفتیش کی۔ پولیس ٹیم گیٹ 5 سے اڈیالہ جیل کے اندر روانہ ہوئی، پولیس ٹیم کی سربراہی ڈی ایس پی احمد عثمان نے کی۔ ٹیم میں 11 تفتیشی انسپکٹرز شامل تھے۔ علاوہ ازیں وفاقی حکومت نے سابق وزیراعظم عمران خان اور بشریٰ بی بی کے خلاف توشہ خانہ کا نئے ریفرنس کے لیے جیل ٹرائل کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔ وفاقی حکومت کے مطابق توشہ خانہ کے نئے ریفرنس کے لیے جیل ٹرائل کا اعلامیہ نیب آرڈینینس 1999ء کے سیکشن 16 بی کے تحت جاری کیا گیا۔ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر نیب عدالت اگر ضروری سمجھتی ہے تو بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی کا ٹرائل جیل میں کرے۔ جیل ٹرائل کے نوٹیفکیشن سے متعلق بانی چیئرمین پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے وکلاء کو آگاہ کر دیا گیا ہے۔

ای پیپر دی نیشن