آٹے کی قلت ہو گی نہ روٹی مہنگی، مریم نواز: فلور ملز ایسوسی ایشن کی ہڑتال ختم کرنے کا خیر مقدم

Jul 15, 2024

لاہور( نوائے وقت رپورٹ)  آٹے کی قلت ہوگی نہ روٹی مہنگی ہوگی،وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے فلورملز کی ہڑتال ختم کرادی ہے۔ وزیراعلی مریم نوازشریف نے فلور ملز ایسوسی ایشن کی ہڑتال ختم کرنے کے اعلان کا خیرمقدم کیا اور ایسوسی ایشن کے چیئرمین اور دیگر قائدین کا شکریہ ادا کیا۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ آٹا اور روٹی مہنگی ہونے کا نقصان صرف غریب عوام کو ہوگا۔  مریم نوازشریف نے یقین دہانی کرائی کہ جائز تحفظات اور مسائل کے حل کے لئے بھرپور کردار ادا کروں گی۔وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ جائز مسائل کے حل کے لئے  ہڑتال کرنے کی ضرورت نہیں۔  دوسری طرف  وزیراعلی مریم نواز شریف کی ہدایت پر ماحولیات کی بہتری کے لئے پنجاب میں چیف منسٹر کلائمٹ لیڈرشپ ڈویلپمنٹ انٹرنشپ پروگرام کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ سموگ کے مستقل سدباب کے لئے مل جل کر اقدامات کرنا ہوں گے۔ سموگ فری پنجاب انیشی ایٹو کے تحت ینگ گریجوایٹس کمیونٹی سروس کی منفردخدمات سرانجام دیں گے۔ مریم نواز شریف نے کہا کہ انٹرنز کو ماہانہ 25 ہزار سکالرشپ دیا جائے گا۔  20 جولائی 2024 تک رجسٹریشن کروائی جا سکتی ہے۔  18تا 25سال تک نوجوانوں کو کمیونٹی سروس سرٹیفکیٹ جاری کیا جائے گا۔  وزیر اعلیٰ مریم نوازنے اپیل کی کہ عوام سموگ کے سنجیدہ مسئلے کے حل کیلئے حکومت کا ساتھ دیں۔ گاڑیوں اور کارخانوں سے دھویں کے اخراج کو کم کرنے کے ساتھ ساتھ زیادہ سے زیادہ شجرکاری کی جائے۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ پلاسٹک کے استعمال میں کمی لائی جائے اور فصلوں کی باقیات کو جلانے سے گریز کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اس سال پنجاب حکومت  کے اقدامات سے سموگ میں کمی آئے گی۔

مزیدخبریں