لاہور ( خصوصی نامہ نگار ) سیکرٹری اوقاف ڈاکٹر طاہر رضا بخاری نے بہشتی دروازے کی قفل کشائی کر کے ساتویں روز کی رسومات ادا کیں۔ اس موقع پر عمائدین حکومت، اکابر سجادگان و مشائخ اور زائرین کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔ سیکرٹری اوقاف نے گفتگو کرتے ہوئے کہا زائرین کیلئے بہترین سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایاگیا۔ موسم کی شدت، مون سون اور بادوباراں کے باوجود عرس انتظامات میں کوئی کمی اور کوتاہی نہ ہوئی۔ میگا ترقیاتی پراجیکٹ اور تعمیراتی سرگرمیوں کے باوجود عرس تقریبات اپنے روایتی شکوہ کے مطابق وقوع پذیر ہوئیں۔ جس پر اوقاف، ڈسٹرکٹ ایڈ منسٹریشن، پولیس، سی اینڈ ڈبلیو، واپڈا،ہیلتھ سمیت تمام متعلقہ ادارے لائق تحسین ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حضرت بابا صاحب بر صغیر میں بین المذاہب مکالمے کے امین اور بین المسالک ہم آہنگی کے داعی تھے، ان کی تعلیمات سے استفادہ وقت کی اہم ضرورت ہے۔ آپؒ نے اپنے طرز ِزیست کے ذریعے لوگوں میں امن، محبت، بھائی چارے اور انسان دوستی کو فروغ دیا اور خطّے میں ترویج ِدین کی عظیم تحریک کے سْرخیل قرار پائے۔ دریں اثناء سیکرٹری اوقاف نے مزار شریف پر جاری ترقیاتی امور اوردربار شریف پر قائم آپریشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول روم کا دورہ کیا اور سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔ اوقاف اور ضلعی انتظامیہ کے انتظامات کو تسلی بخش قرار دیا ۔
بہشتی دروازے کی قفل کشائی ،ساتویں روز کی رسومات ادا
Jul 15, 2024