کراچی سے طورخم بارڈر تک کاروباری آمدورفت سہل بنانا ہو گی: فیصل کریم کنڈی

Jul 15, 2024

پشاور (بیورو رپورٹ) گورنر خیبر پی کے فیصل کریم کنڈی دورہ کراچی کے دوران گذشتہ روز گورنر ہاؤس کراچی پہنچے جہاں پر گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے گورنر خیبر پی کے کا استقبال کیا۔ بعدازاں گورنر خیبر پی کے اور گورنر سندھ کے درمیان ون آن ون ملاقات ہوئی۔ملاقات میں صوبہ خیبر پی کے اور صوبہ سندھ میں سیاسی، معاشی، امن و امان سمیت مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال کیاگیا۔ ملاقات میں دونوں صوبوں کے مابین تجارتی، عوامی بہبود کے امور سے متعلق بھی گفتگو کی گئی، خیبر پی کے اور سندھ میں اعلٰی تعلیم کا معیار، یونیورسٹیوں کی تعلیمی، مالی، انتظامی امور سے متعلق بھی ملاقات میں سیر حاصل گفتگو کی گئی۔ اس موقع پر گورنر فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ خیبر پی کے میں امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کیلئے کوششیں کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کراچی سے براستہ خیبر پی کے طورخم بارڈر تک کاروباری آمدورفت کو سہل بنانا ہو گا، خیبر پی کے کی بڑی آبادی کراچی میں کاروباری شعبہ میں فعال کردار ادا کر رہی ہے۔ سندھ میں مقیم تاجر برادری کو سہولیات فراہم ہونی چاہئیں، اس موقع پر گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا کہ خیبر پی کے  سیاحتی و کاروباری اعتبار اور جغرافیائی حیثیت سے انتہائی اہمیت کا حامل صوبہ ہے۔

مزیدخبریں