جسٹس عالیہ نیلم کی چیف جسٹس ہائیکورٹ تعیناتی کا خیر مقدم کرتے ہیں ‘ پنجاب با رکونسل  

Jul 15, 2024

لاہور(آئی این پی )پنجاب بار کونسل کے وائس چیئرمین کامران بشیر مغل نے کہا ہے کہ جسٹس عالیہ نیلم کی بطور چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ تعیناتی کا بھرپور خیر مقدم کرتے ہیں اور امید رکھتے ہیں کہ وہ گزشتہ کئی مہینوںسے تعطل کا شکار بنچ اوربار کے تعلقات کو بحال کرنے میں اپنا مثبت کردار ادا کریں گی ،وکلاء عدالتوں کی تقسیم کے متنازعہ نوٹیفکیشن کے خلاف اپنی جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیںہمارا چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ سے مطالبہ ہے کہ وہ اس معاملے کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرائیں ۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس عالیہ نیلم سے ملاقات میں بنچ اور بار کے تعلقات پر بات ہوئی ہے ،چیف جسٹس نے کہا ہے کہ ان کا بھی لاہور بار سے تعلق رہا ہے ، بنچ اور بار کو ایک ساتھ چلنا چاہیے تاکہ سائلین کو فراہمی انصاف میں آسانی ہو سکے ۔انہوں نے کہا کہ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ ایک کمیٹی تشکیل دی جائے گی جو بنچ اور بار کے درمیان کسی بھی طرح کے اختلاف کے معاملات کو دیکھے گی ، مذکورہ کمیٹی اختلاف کا سبب بنے والے عوامل کا جائزہ لے گی اور بنچ اور بار کی طرف سے جو بھی قصور وار ہوا اسے اس کی سزا دی جائے گی ،اس کا مقصد بنچ اور بار میں ڈسپلن کو قائم رکھنا ہے ۔

مزیدخبریں