اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) پیپلز پارٹی کے رہنما، بھٹو خاندان کے جانثار ساتھی اور بلاول بھٹو زرداری کے چیف میڈیا کوآرڈینیٹر نذیر حسین ڈھوکی انتقال کر گئے، عمر 60 برس تھی، پسماندگان میں بیوہ دو بیٹیاں اور دو بیٹے شامل ہیں۔ نذیر حسین ڈھوکی کا تعلق پیر جو گھوٹھ سندھ سے تھا، وہ چار مارچ 1964ء کو پیدا ہوئے۔ نذیر حسین ڈھوکی کو چند ماہ قبل ہاسپٹل داخل کرایا گیا‘ وہ پہلے اسلام آباد، بعد ازاں پمز ہاسپٹل اسلام آباد میں زیر علاج رہے، ان کی تشخیص میں کینسر کا مرض سامنے آیا تھا۔ بلاول بھٹو زرداری کی ہدایت پر نذیر حسین ڈھوکی کو بعد ازاں سکھر کے قریب گمبٹ ہاسپٹل منتقل کیا گیا، جہاں کا علاج جاری تھا، تین روز قبل وہ کومے میں چلے گئے، گزشتہ روز اسی حالت میں اپنے خالق حقیقی سے جا ملے۔ نذیر حسین ڈھوکی کو سابق صدر ضیاء الحق کے دور میں کئی بار جیل جانا پڑا‘ مارشل لاء کی عدالتوں کا سامنا کیا۔ ان کو پیر جوگوٹھ میں سپرد خاک کر دیا۔ صدر مملکت آصف زرداری‘ بلاول‘ آصفہ اور دیگر نے اظہار تعزیت کرتے ہوئے مرحوم کی مغفرت اور لواحقین کے لئے صبر جمیل کی دعا کی۔