نجی شعبہ تعلیم حقیقی معنوں میں تعلیمی ترقی میں کردار ادا کر رہا،ملک ابرار 

اسلام آباد(خبرنگار)آل پاکستان پرائیویٹ سکولز اینڈ کالجز ایسوسی ایشن کے مرکزی صدر ڈاکٹر ملک ابرار حسین نے پنجاب بھر میں میٹرک سالانہ امتحانات میں نجی تعلیمی اداروں کے طلبا وطالبات کی نمایاں کارکردگی پر سکول مالکان، نجی تعلیمی اداروں کی تنظیمات،والدین،اساتذہ اور بچوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ نجی شعبہ تعلیم حقیقی معنوں میں ملک و قوم کی تعلیمی ترقی میں فعال کردار ادا کر رہا ہے ۔ گزشتہ روز یہاں سے جاری بیان میں ڈاکٹر ملک ابرار حسین کا مزید کہنا تھا کہ نجی تعلیمی ادارے انتہائی نامساعد حالات میں اور حکومتی عدم توجہی کے باوجود ہر امتحان میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہیں اور یہاں پڑھنے والے بچوں کی بورڈ میں پوزیشنز اس بات کی گواہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک میں نجی شعبہ تعلیم ہی ایک ایسا شعبہ ہے جو ملکی مستقبل کی بہتری اور نوجوان نسل کو معیاری تعلیم کی فراہمی میں حکومت وقت کا ہاتھ بٹا رہا ہے. ان کا کہنا تھا کہ حکومت کو چاہیے ملکی بہتر مستقبل اور شرح خواندگی کو عالمی معیار کے مطابق بنانے کے لیے پرائیویٹ سیکٹر کی سرپرستی کرے ۔ انہوں نے میٹرک امتحانات میں پوزیشنز لینے والے بچوں کو مبارکباد دیتے ہوئے اس بات کی توقع ظاہر کی کہ یہی بچے کل کو ملکی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں گے۔

ای پیپر دی نیشن