خصوصی نشستوں پر سپریم کورٹ کے فیصلے کیخلاف مسلم لیگ کااحتجاجی مظاہرہ 

 کلرسیداں(نامہ نگار)خصوصی نشستوں کے بار ے میں سپریم کورٹ کے حالیہ فیصلے کے خلاف مسلم لیگ ن نے کلرسیداں کے قریب شاہ باغ میں روا ت کلرسیداں روڈ پر احتجاجی مظاہرہ کیا ٹائر جلا کر سڑک کو ٹریفک کے لیئے بند کردیا شرکا نے عدالتی فیصلہ نامنظور،9 مئی کے حمایتی نامنظور کے بھی نعرے لگائے۔مسلم لیگ ن کے مقامی رکن پنجاب اسمبلی راجہ صغیر احمد کے فرزند بیرسٹر احمد صغیر راجہ نے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ججز نے اپنے فیصلے سے آئین کو دوبارہ لکھا ہے آئین کہتا ہے کہ خصوصی نشستوں کے حصول کے لیئے ہر سیاسی جماعت الیکشن کمیشن کو اپنے امیدواروں کی فہرست مہیا کرے،سنی اتحاد کونسل نے الیکشن کمیشن کو تحریرکر کے بتایا کہ سنی اتحاد کونسل الیکشن میں حصہ نہیں لے رہی اس لیئے ہم امیدواروں کی فہرست بھی جمع نہیں کریں گے پی ٹی آئی نے جو نہیں مانگا اسے وہ بھی دے دیا۔انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن ڈیڑھ برس تک پی ٹی آئی کو الیکشن کروانے کا کہتا رھا انہوں نے کہا کہ 2018 سے پی ٹی آئی جب بھی عدالت سے رجوع کرتی ہے تو ججز اس کی غلطی کو اپنے سر لے لیتے ہیں اور پی ٹی آئی کو ریلیف دیتے ہیں بعدمیں شرکا پرامن طور پر منتشر ہو گئے۔

ای پیپر دی نیشن