مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا ہے کہ لندن پلان تہس نہس ہوچکا ہے، عوام لندن بھاگنے والوں پر خصوصی نظر رکھیں، صرف مخصوص نشستوں کے فیصلے کے بعد جعلی سلطنت کی بنیادیں ہل گئیں، الیکشن ٹریبونل کے فیصلے آنا ابھی باقی ہیں۔اپنے بیان میں بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ پشتو میں کہاوت ہے کہ گدھے کو دم سے پکڑنے کی کوشش کی جا رہی ہے، شہباز شریف اور مریم نواز اپنی جعلی سلطنت کو دم سے پکڑنے کی ناکام کوشش کر رہے ہیں، دونوں کے ہاتھوں میں صرف دم ہی بچی ہے باقی سلطنت ہاتھ سے نکل چکی ہے۔انہوں نے کہا کہ لندن پلان تہس نہس ہوچکا ہے، عوام لندن بھاگنے والوں پر خصوصی نظر رکھیں، اس بار پلیٹلیٹس گرنے کے بہانے نہیں چلیں گے، فرائی پین سے کپڑے پریس کرنے کا ڈرامہ سیزن بھی شروع ہونے والا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ صرف مخصوص نشستوں کے فیصلے کے بعد جعلی سلطنت کی بنیادیں ہل گئیں، الیکشن ٹریبونل کے فیصلے آنا ابھی باقی ہیں، ٹریبونل کے انصاف پر مبنی فیصلوں سے فارم 47کا سارا کچا چٹھا کھل جائے گا۔مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا نے کہا کہ فارم 47پر بنی حکومت کی بنیادیں اتنی کمزور ہیں کہ جعلی سلطنت کو چند ماہ کا سہارا بھی نہیں دے سکیں۔