پابندی کی باتیں کرنیوالے کسی اور دنیا میں رہتے ہیں ، فیصلے پر عمل نہیں ہونے دینگے :پی ٹی آئی رہنما

حکومت کی جانب سے پی ٹی آئی پر پابندی کے فیصلے پر تحریک انصاف کے رہنمائوں کا ردعمل آ گیا ہے۔پی ٹی آئی رہنما بیرسٹر علی ظفر نے وزیر اطلاعات کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی پر پابندی لگانے کی بات کرنے والے کسی اور دنیا میں رہتے ہیں، حکومتی فیصلے پر عمل نہیں ہونے دینگے۔انہوں نے کہا کہ آرٹیکل 6 کا مقدمہ نہیں بن سکتا. آرٹیکل 6 کی بات کرنے والوں نے شاید قانون نہیں پڑھا.پارلیمنٹ میں بنائے گئے قانون کو بھی عدلیہ کہتی ہے کہ خلاف آئین ہے ، کیا ان اراکین پر آرٹیکل 6 لگے گا؟۔بیرسٹر علی ظفر کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ اب تبدیل نہیں ہو گا. قانون میں ایسی کوئی اجازت نہیں کہ حکومت کو کوئی پارٹی پسند نہ ہو تو وہ اس پر پابندی لگا دے۔انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتوں پر پابندی کے فیصلے ہمیشہ آمروں نے کئے ، کسی جمہوری حکومت نے نہیں کئے.پاکستان میں ایسی کوئی سیاسی جماعت نہیں جو دہشتگردی میں ملوث ہو۔ان کا کہنا تھا کہ حکومت توشہ خانہ کا ایک اور کیس لے آئی ہے.بانی پی ٹی آئی کے خلاف سارے کیسز ختم ہو جائیں گے۔

دریں اثنا تحریک انصاف کے رہنما سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ جمہوریت اور عوام کی آواز بند کرنے کیلئے ایسے اقدامات کر رہے ہیں۔

ای پیپر دی نیشن