لاہور : پولیس نے سرکاری ہسپتالوں سے کروڑوں روپے مالیت کی مختلف قسم کی قیمتی ادویات کی چوری اور فروخت میں ملوث خطرناک گروہ کے سات ممبران کو گرفتار کرلیا۔ڈی آئی جی آرگنائزڈ کرائم یونٹ عمران کشور کا کہناہے کہ مکروہ دھندے میں سرکاری ہسپتال کے عملے سمیت پرائیویٹ میڈیسن ڈیلر بھی شامل ہیں
تفصیلات کے مطابق ڈی آئی جی آرگنائزڈ کرائم یونٹ عمران کشور نے ایس پی فرقان بلال اور ایس پی عمران کرامت بخاری کے ہمراہ اہم پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ سرکاری اسپتالوں سے ادویات چوری اور فروخت کرنے والے 7 ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے۔دوران تفتیش ملزمان نے انکشاف کیا کہ انہوں پاک میڈیکو کے نام سے میڈیسن کمپنی بنائی تھی ، ملزمان سرکاری ہسپتالوں سے ادویات چوری کرواتے اور میڈیسن پر لگی سرکاری مہر کو صاف کرتے تھے۔ڈی آئی جی آرگنائزڈ کرائم یونٹ نے بتایا کہ ملزمان اپنی ہی بنائی گئی کمپنی کے ذریعے مختلف شہروں کے میڈیکل سٹورز اور پرائیویٹ ہسپتالوں میں فروخت کرتےتھے ۔عمران کشور کا کہنا تھا کہ مکروہ دھندے میں ملوث ملزمان کا سرغنہ جنرل ہسپتال کا میں سٹور کیپر محمد سلیم کو گرفتار کرلیا ہے جبکہ دیگر گرفتار ملزمان میں ہسپتال ملازم محمد سلیم، محمد عاطف، ندیم اور طاہر شامل ہیں.گرفتار ملزمان میں پرائیویٹ میڈیسن ڈیلر احمد رضا، محمد احسن اورسلیمان ارشد بھی شامل ہیں۔ملزمان سے کروڑوں روپے مالیت کی مختلف قسم کی قیمتی ادویات برآمد کرکے جامع تحقیقات جاری ہیں. ملزمان کو جدید ٹیکنالوجی،آئی ٹی ایکسپرٹس، پبلک ریلیشن اور تجربہ کار افسران کی مدد سے مختصر وقت میں گرفتار کیا گیا۔جرائم پیشہ عناصر کیخلاف آرگنائزڈکرائم یونٹ لاہور کی کارروائیاں جاری رہیں گی، ملزمان کو پراسیکیوشن پارٹنر شپ کی مدد سے سخت سزا دلوائی جائے گی۔