کرغزستان کے فسادات سے متاثرہ علاقوں سے مزید پاکستانیوں کولانے کیلئے سی ون تھرٹی طیارہ آج صبح چکلالہ ایئر بیس سے روانہ کیاگیا ۔ کرغزستان میں تعینات پاکستانی سفیر تنویر اخترخازخیلی کا کہنا ہے کہ مرکزی ہوائی اڈے پراب بھی ایک سو تیرہ پاکستانی شہری موجود ہیں جن میں زیادہ تعداد طلبہ کی ہے ، انہیں آج شام تک وطن واپس پہنچا دیا جائے گا۔ فسادات میں جاں بحق ہونے والے پاکستانی طالب علی رضا کی میت بھی اوش ائیرپورٹ پرموجود ہے جسے بھی آج شام تک وطن واپس لایا جائے گا۔ ادھرکرغزستان میں پھنسے ایک سو چونتیس پاکستانی شہریوں، جن میں زیادہ تعداد طلبا و طالبات کی تھی ، کو گزشتہ شب پاک فضائیہ کے سی ون تھرٹی طیارے کے ذریعے چکلالہ ائربیس لایا گیا جہاں وفاقی وزیر اطلاعات قمر الزمان کائرہ نے ان کا استقبال کیا۔ واپس آنے والوں میں چاربچے بھی شامل ہیں۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگومیں وفاقی وزیر قمرالزمان کائرہ نے کہا کہ پاکستانیوں کی بحفاظت واپسی پر پوری قوم مبارکباد کی مستحق ہے ۔ وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ وطن واپس آنے والوں کو ان کے گھروں تک پہنچانے کے تمام انتظامات بھی مکمل کرلئے گئے ہیں۔