سپریم کورٹ نے جعلی ڈگری کیس میں مسلم لیگ نون کے رکن پنجاب  اسمبلی رضوان گل کی نا اہلی کا فیصلہ برقرار رکھتے ہوئے ان کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم دیا ہے۔

چیف جسٹس افتخارمحمد چوہدری کی سربراہی میں جسٹس غلام ربانی اورجسٹس خلیل الرحمان رمدے پر مشتمل تین رکنی بینچ نے مسلم لیگ نون کے رکن پنجاب اسمبلی رضوان گل کی جانب سے الیکشن ٹربیونل کے فیصلے کے خلاف دائرکی گئی درخواست کی سماعت کی ۔ سپریم کورٹ کے تین رکنی بینچ نے ان کی نااہلی کے حوالےسے الیکشن ٹربیونل کا فیصلہ برقراررکھا اورعدالت عظمیٰ میں غلط درخواست دائر کرنے پررضوان گل کو ہرجانے کا حکم بھی سنایا  اورہدایت کی کہ  رضوان گل نے جو جعل سازی کی ہے اس میں ان کے خلاف  مقدمہ درج کیا جائے۔ اس موقع پرجسٹس خلیل الرحمان رمدے نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ مجھے شرم آتی ہے کہ میں ایک ایسے ملک کا شہری ہوں جہاں لوگ جعلی ڈگریاں لے کرپارلیمنٹ میں بیٹھے ہوئے ہیں اور الیکشن ٹربیونل کے فیصلے کے بعد یہ مقدمہ سپریم کورٹ میں نہیں آنا چاہئے تھا۔ رضوان گل کی طرف سے محمد اکرم شیخ ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے۔

ای پیپر دی نیشن