باجوڑایجنسی میں سکیورٹی فورسز کی جانب سے عسکریت پسندوں کو تیس جون تک رضا کارانہ طور پر ہتھیارڈالنے کی ڈیڈ لائن دی گئی ہے جس کے نتیجے میں عسکریت پسندوں کی جانب سے ہتھیار ڈالنے اورخود کوفورسز کے حوالے کرنے کا سلسلہ تیز ہوگیا ہے ۔ سرکاری ذرائع کے مطابق ہتھیارڈالنے والے عسکریت پسندوں کا تعلق تحصیل ماموند کے مختلف علاقوں سے ہے۔ اہم کمانڈروں سمیت ہتھیارڈالنے والے ان عسکریت پسندوں نے ماموند قبائل کے عمائدین اورسکیورٹی فورسز حکام کے سامنے حلف اٹھایا ہے کہ آئندہ وہ پرامن زندگی گذاریں گے ، اورپاکستان کے وفادار رہیں گے ۔ ادھر ماموند کے علاقے ملنگی ، زرے اور زگئی میں سرچ آپریشن کے دوران شدت پسندوں کے دس مکانات کو نذرآتش کردیا گیا ، ان میں اہم شدت پسند کمانڈروں کے گھر بھی شامل ہیں۔