فٹبال عالمی کپ اٹلی اور پیراگوائے کے درمیان کھیلا گیا میچ ایک،ایک گول سے برابر ہوگیا، دیگر میچوں میں جاپان نے کیمرون اور ہالینڈ نے ڈنمارک کو شکست دی۔

Jun 15, 2010 | 19:21

سفیر یاؤ جنگ
اٹلی اور پیرا گوائے کے درمیان کیپ ٹاؤن سٹیڈیم میں کھیلے گئے گروپ ایف کے میچ میں دونوں ٹیموں کے درمیان سنسنی خیز مقابلہ دیکھنے میں آیا۔ پیرا گوائے کے اینٹولین ایلکاراز نے انتالیس ویں منٹ میں گول کرکےاپنی ٹیم کو برتری دلا دی جو ہاف ٹائم تک برقرار رہی۔ دوسرے ہاف میں اٹلی کے ڈینئیل ڈی روزی نے گیند کو جال کی راہ دکھا کر مقابلہ ایک، ایک سے برابر کردیا۔
 
اس سے قبل ٹورنامنٹ کے گروپ ای میں کھیلے گئے میچ میں جاپان نے کیمرون کو دلچسپ مقابلے کے بعد ایک صفر سے شکست دی۔ جاپان کے کیسوکے ہونڈا نے انتالیس ویں منٹ میں میچ کا واحد گول سکور کیا۔
 
گروپ ای کے دوسرے میچ میں ہالینڈ نے ڈنمارک کو دو صفر سے شکست دی۔ کھیل کے چھیالیسویں منٹ میں ڈنمارک کے کھلاڑی نے ڈچ سٹرائیکر ڈینئیل ایگر کی جانب سے لگائی گئی کک پر اپنے ہی جال میں گیند پھینک دی۔ ہالینڈ کی طرف سے دوسرا گول پچاسی ویں منٹ میں ڈرٹ کیوٹ نے سکور کیا۔
مزیدخبریں