پیپکو حکام کے مطابق اس وقت ملک بھر میں بجلی کی کل طلب سترہ ہزار سات سو چھیاسٹھ میگاواٹ جبکہ رسد گیارہ ہزار اکیانوے میگاواٹ ہے۔ ہائیڈل ذرائع سے چارہزار دوسوچھ، تھرمل سے ایک ہزار تین سو تیس اور آئی پی پیز سے چارہزار آٹھ سو پچاسی میگاواٹ بجلی حاصل کی جارہی ہے، جس میں سے چھ سو ستر میگاواٹ بجلی کے ای ایس کو بھی فراہم کی جارہی ہے۔ بجلی کی طلب بڑھنے کے بعد شارٹ فال چھ ہزار چھ سو پچھتر میگاواٹ تک جاپہنچا ہے۔ شارٹ فال میں اضافے کی وجہ سے بدترین لوڈشیڈنگ نے عوام کی زندگی اجیرن کردی ہے اور شہری علاقوں میں چودہ سے سولہ اور دیہی علاقوں میں اٹھارہ سے بیس گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے۔ بجلی کی بندش کے دورانئے میں اضافے کے ساتھ بعض علاقوں میں پانی کی فراہمی بھی معطل ہے جس سے لوگوں کی مشکلات میں مزید اضافہ کردیا ہے۔