اسلام آباد (آئی این پی) توہین عدالت کیس میں وزیر اعظم کے وکیل اعتزاز احسن نے کہاہے کہ حکومت چیف جسٹس کے صاحبزادے کے خلاف کرپشن کے الزامات کی وجہ سے چیف جسٹس کے خلاف کوئی ریفرنس تیار نہیں کررہی‘ ملک ریاض سے ان کا وکیل بننے سے معذرت کرلی ہے ۔وہ جمعرات کو سپریم کورٹ میں صحافیوں سے غیررسمی گفتگو کررہے تھے ۔اس دوران ڈاکٹرارسلان افتخار کیس کے تناظر میں چیف جسٹس کے خلاف صدر کی طرف سے ریفرنس بھیجے جانے کے امکان پر اعتزاز احسن نے کہاکہ ایسا کچھ نہیں ہورہا ۔ ملک ریاض حسین کا وکیل بننے کیلئے ان سے رابطہ کیا گیا تھا لیکن انہوں نے ملک ریاض کا وکیل بننے سے معذرت کرلی ہے۔