اسلام آباد + کراچی (نوائے وقت ریورٹ + این این آئی) سوئی ناردرن حکام نے گیس کنکشن کے نئے ڈیمانڈ نوٹس جاری کرنے پر غیر معینہ مدت کےلئے پابندی لگا دی ہے۔ تین لاکھ سے زائد زیر التوا درخواست گذار مشکل میں پھنس گئے۔ وزارت پٹرولیم و قدرتی گیس کی ہدایت پر نوٹیفکیشن میں ہدایت کی گئی ہے کہ جن شہریوں نے ڈیمانڈ نوٹس جمع کروا دئیے ہیں ان کے کنکشن 31 دسمبر سے قبل لگا دیئے جائیں۔ ایم ڈی سوئی ناردرن عارف حمید کا اس موقع پر کہنا تھا کہ گیس چور سی این جی سٹیشنز اور صنعتی و کمرشل صارفین کو پکڑنے کےلئے کمیٹیاں تشکیل دےدی گئی ہیں۔ دوسری جانب اوگرا نے نئی گیس سکیموں پر پابندی عائد کر دی۔ اوگرا کے مطابق پابندی ملک بھر میں نئی گیس سکیموں پر عائد ہو گی۔ پنجاب اور خیبر پی کے میں 4 ہزار کلومیٹر اور سندھ، بلوچستان میں ایک ہزار کلومیٹر کی نئی سکیموں پر پابندی عائد کی گئی ہے۔ اوگرا نے درآمدی ایل این جی منصوبے کیلئے 222 کلومیٹر پائپ لائن بچھانے کیلئے صارفین سے 25 ارب روپے وصول کرنے کی درخواست بھی مسترد کردی ہے۔ سوئی نادرن نے اوگراسے درخواست کی تھی کہ آئندہ مالی سال کے دوران پنجاب اور خیبرپی کے میں نئے ٹاو¿نز اور دیہاتوں کوگیس سپلائی شروع کرنے کیلئے 4 ہزار 35 کلومیٹر پر مشتمل نئی ڈسٹری بیوشن لائن ڈالنی ہے جس کیلئے صارفین 10ارب روپے سندھ اور بلوچستان میں نئی گیس سکیمیں شروع کرنے کیلئے 2 ارب صارفین سے وصول کرنے کی درخواست کی تھی تاہم اوگرا نے صارفین سے 12 ارب روپے کی وصولی کی درخواست مسترد کر دی۔ جی ایس ٹی میں اضافے کے بعد گیس بھی مہنگی ہوجائیگی