تنخواہوں میں اضافہ نہ کرنے پر معاشی مشکلات بڑھ گئیں: ایف بی آر یونین

Jun 15, 2013

لاہور (کامرس رپورٹر) ٹیکس ہاﺅس لاہور میں ایف بی آر یونین کے ہنگامی اجلاس میں موجودہ مالی سال بجٹ میں ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ نہ کرنے پر سخت تشویش کا اظہار کیا گیا۔ اجلاس کی صدارت صدر لاہور ریجن ٹیم عباس شاہ نے کی۔ اجلاس میں کہا گیا کہ ایف بی آر کے تمام ملازمین میں شدید اضطراب کی کیفیت موجود ہے۔ ایف بی آر کے تمام آفیسر اور ملازمین حکومت وقت کی ہدایت کے مطابق اپنے فرائض منصبی ادا کر رہے ہیں اور انشاءاللہ آئندہ بھی جانفشانی اور ایمانداری سے ملک کی معیشت کو مضبوط کرنے میں اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔ ہم وزیراعظم پاکستان اور وزیر خزانہ کی خدمت میں التماس کرتے ہیں کہ اس کمرتوڑ مہنگائی کے دور میں جبکہ سرکاری ملازمین انتہائی مشکل ناگفتہ بہ حالات میں زندگی گزارنے پر مجبور ہے۔ تنخواہوں میں اضافہ نہ کرنا ملازمین میں سخت بے چینی اور معاشی مشکلات میں اضافہ کا پیش خیمہ ثابت ہو رہی ہیں۔ فوری طور پر لاکھوں سرکاری ملازمین سے وابستہ کروڑوں افراد کو اس مشکل سے نکالا جائے اور فی الفور تنخواہ 50 فیصد بڑھانے کے احکامات جاری کئے جائیں۔ اجلاس میں فیڈرل ریونیو الائنس ایمپلائیز یونین (سی بی اے) ایف بی آر پاکستان کے مرکزی صدر میاں عبدالقیوم، چیف آرگنائزر ملک عامر ریاض، وسیم سرور ڈار، ندیم پنوں، شرافت علی مہر، ملک اکرم کھوکھر، الطاف مہدی، محمد اظہر جاوید، ملک اظہر حیات، محمد رفیق گجر، محمد عاشق چھینہ، شبیر احمد اور چودھری افتخار احمد نے شرکت کی۔ 

مزیدخبریں