سرینگر (آن لائن) بزرگ حریت رہنما سید علی گیلانی نے بھارت کی رجعت پسند اور جارحانہ پالیسی کو پرتشدد رحجان اور مقبوضہ کشمیر کی خراب صورتحال کی وجہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر بھارتی سورماﺅں نے اپنی پالیسی اور رویہ نہ بدلا تو اس کے بھیانک نتائج نکلیں گے۔ ایک بیان میں علی گیلانی نے کہا کہ 2008ءاور 2010ءکے عوامی انقلاب کو طاقت کے زور سے کچلنے اور 2013ءکے شروع میں محمد افضل گورو کو تختہ دار پر چڑھانے نے کشمیری نوجوانوں کو ”امن“ کے لفظ سے متنفر کردیا ہے یہی وجہ ہے کہ نوجوان عسکری محاذ نے ہاتھوں میں بندوق اٹھالی ہے۔ دوسری جانب حریت کانفرنس (ع) کے چیئرمین میر واعظ عمر فاروق نے ایک کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے سہ فریقی مذاکرات ہی واحد راستہ ہیں۔ مقبوضہ کشمیر میں ڈھونگ انتخابات کسی بھی صورت حق خودارادیت کا متبادل ثابت نہیں ہوسکتے ۔ کشمیر کی صورتحال کو پرامن قرار دینے والے احمقوں کی جنت میں رہتے ہیں۔