اسلام آباد (ثناء نیوز) خورشید شاہ نے کہا ہے کہ فوج اور حکومت کے اچھے رابطوں سے ہی ملکی حالات ٹھیک ہوں گے۔ ہم نوازشریف کی نہیں، سسٹم کی حمایت کر رہے ہیں۔ نواز شریف کے اپنے ہی ساتھی غلط مشورے دے رہے ہیں، نوازشریف کو زرداری کی طرح صدر بننے کی پیشکش ہوئی تھی، ڈرون حملے بند کرانا حکومت کے بس کی بات نہیں۔ طالبان کے ساتھ مذاکرات ٹوپی ڈرامہ تھا، صرف مشرف کے خلاف کارروائی انصاف نہیں انتقام ہوگا۔ نجی ٹی وی کو انٹرویو میں انہوں نے کہا مسلم لیگ (ن) میں کچھ ایسے لوگ ہیں جو چاہتے ہیں کہ حکومت کو پیپلز پارٹی کی سپورٹ نہ ملے یہ سلسلہ ٹوٹ جائے۔ مسلم لیگ (ن) کے اندر آستینوں کے سانپ بیٹھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کراچی واقعہ کی ذمہ دار صوبائی حکومت نہیں۔ صوبائی اور وفاقی حکومت کچھ نہیں کر سکتیں جب تک ایجنسیاں الرٹ نہ ہوں، نوازشریف کو کچھ قوتیں پارلیمنٹ میں دیکھنا نہیں چاہتیں۔ ہر ادارہ اپنے اپنے دائرہ اختیار میں رہے کسی دوسرے کے معاملات میں مداخلت نہ کرے، اگر ایسا ہوا تو ہم سب تباہ ہو جائیں گے۔ مسلم لیگ (ن) کے بعض لوگ چاہتے تھے کہ نوازشریف اس طرح 5 سال پورے کر لیں گے، آصف زرداری کی طرح صدر بن جائیں۔ وزیراعظم کسی اور کو بنا دیں گے مگر نواز شریف نہ مانے اور کہا کہ اس طرح ہم 6 ماہ بھی نہ چل سکیں گے۔ اس ایوان کو دکھانا چاہئے کہ یہ ایوان خود مختار ہے میں نے مشورہ دیا تھا کہ تمام جماعتوں کو بلا کر ملکی حالات بہتر بنانے پر رائے لی جائے۔ چودھری نثار خود بھی بیمار ہیں ان کی سوچ بھی بیمار ہے ۔ طاہر القادری کے آنے سے کوئی فرق نہیں پڑے گا۔ عمران کس کے ایجنڈے پر کام کر رہے ہیں سب کو پتہ ہے عمران خان کو کوئی مسئلہ ہے تو پارلیمنٹ سے حل کرائیں۔
خورشید شاہ
مسلم لیگ (ن) میں آستین کے سانپ ہیں، نوازشریف کو صدر بننے کا مشورہ دیا گیا: خورشید شاہ
Jun 15, 2014