فیصل آباد (نمائندہ خصوصی) تبدیلی کے نعرے پر ووٹ حاصل کرنیوالے عمران خان بتائیں خیبر پی کے میں کیا تبدیلی آئی؟ طاہر القادری اور انکے بیٹے منی لانڈرنگ میں ملوث ہیں۔ پرویز الٰہی اور مونس الٰہی میگا کرپشن سکینڈل میں ملوث ہیں۔ آمریت کی گود میں پلنے والے شیخ رشید ٹرین میں 50 افراد جمع نہیں کرسکتے۔ کچھ لوگ ملک میں ترقیاتی کاموں سے خوش نہیں ہیں۔ حکومت اور فوج ایک بنچ پر ہے۔ رمضان المبارک میں افطاری اور سحری کے اوقات میں لوڈشیڈنگ نہیں کی جائیگی۔ ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر مملکت پانی و بجلی عابد شیرعلی نے سرکٹ ہاؤس میں میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا دھاندلی کا شور مچانے والے عمران نے تبدیلی کے نعرے پر ووٹ حاصل کئے ہیں، وہ بتائیں خیبر پی کے میں کیا تبدیلی آئی ہے۔ انکے تبدیلی کے نعرے فیل ہو گئے ہیں۔ایک کھلی کچہری میں عابد شیرعلی نے واپڈا کے صارفین کی شکایات اور مسائل سنے اور موقع پر اسکے ازالے کیلئے احکامات جاری کئے۔کھلی کچہری سے خطاب کے دوران عابد شیر نے کہا ماہ صیام کے دوران سحر، افطار، نماز تراویح کے وقت لوڈشیڈنگ کم سے کم کی جائیگی تاہم اگر کسی جگہ پر مذکورہ احکامات کی خلاف ورزی کی گئی تو متعلقہ ڈسٹری بیوشن کمپنی کے چیف ایگزیکٹو اس کے ذمہ دارہوں گے۔ واپڈا حکام و اہلکار اپنا رویہ درست کر لیں پاور کمپنیوں میں کرپشن یا کام چوری کی کوئی گنجائش نہیں صارفین کے مسائل کو فوری حل کیا جائے ۔ پاور لومز اونرز ایسوسی ایشن اینڈ کونسل آف پاورلومز فیصل آبادکے صدر حنیف رامے نے وزیرمملکت کو فیصل آباد کی سب سے بڑی پاور لومز انڈسٹری کے مسائل سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ سے پاورلوم انڈسٹری تباہ ہو رہی ہے۔ کھلی کچہری کے موقع پر چیف ایگزیکٹو فیسکو خورشید عالم، چیئرمین فیسکو بورڈآف ڈائریکٹرز خرم مختار، حاجی اکرم انصاری، میاں عبدالمنان، میاں فاروق، طاہر جمیل اور دیگر اہم صنعتی، کاروباری، تجارتی، عوامی، سیاسی شخصیات بھی بڑی تعدادمیں موجود تھیں۔ این این آئی کے مطابق کھلی کچہری کے دوران صنعتکار عابد شیر علی پر برس پڑے صارفین نے فیسکو کے خلاف شکایات کے انبار لگا دئیے۔
عابد شیر علی