لاہور: ون ویلنگ کرتے ہوئے فٹ پاتھ سے ٹکرا کر نوجوان جاں بحق

Jun 15, 2015

لاہور(نامہ نگار)جوہرٹائون کے علاقہ میں ون ویلنگ کرتے ہوئے موٹر سائیکل فٹ پاتھ سے ٹکرانے پر نوجوان جاں بحق ہوگیا۔ بتایا جاتا ہے کہ فیروز پور روڈ کا رہائشی 20 سالہ طالبعلم فیضان جوہر ٹائون کے علاقہ جی بلاک میں موٹر سائیکل پر ون ویلنگ کر رہا تھا کہ اچانک موٹر سائیکل بے قابو ہوکر فٹ پاتھ سے جا ٹکرائی جس سے فیضان شدید زخمی ہوگیا اور ہسپتال پہنچ کر دم توڑ گیا۔ ورثاء نے قانونی کارروائی سے انکار کردیا۔ نعش گھر پہنچتے ہی کہرام مچ گیا جبکہ بیٹے کی ہلاکت پر ماں صدمے سے بے ہوش ہو گئی۔ قبل ازیں شہر میں اتوار کو چھٹی کے روز جی ٹی روڈ، کینال روڈ اور مختلف سڑکوں پر نوجوانوں کی طرف سے موٹرسائیکلوں پر ونگ ویلنگ اور خطرناک کرتب کرنے کا سلسلہ جاری رہا۔ جبکہ پولیس ونگ ویلنگ کو روکنے میں بری طرح ناکام نظر آئی۔ شاہراہ قائد اعظم، مین بلیوارڈ گلبرگ، ڈیفنس، کیولری گرائونڈ سمیت دیگر اہم شاہراہوں پر موٹر سائیکل سوار نوجوان اور پانچ چھ سال کے بچے سائیکلوں پر کرتب دکھاتے نظر آئے۔ پولیس کے کارروائی نہ کرنے کی وجہ سے شہر کی بڑی سڑکوں پر اس خطرناک کھیل میں اضافہ ہو رہا ہے جبکہ ونگ ویلنگ کرنے والے منچلوں کی جانب سے فیملیز سے بدتمیزی اور خواتین سے چھیڑ خانی کرنے کے واقعات بھی بڑھ رہے ہیں۔ 

مزیدخبریں