لاہور (خصوصی نامہ نگار) جمعیت علماء اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ اقتصادی راہداری کے منصوبے کے خلاف سازشیں تیز تر ہورہی ہیں لیکن عوام اور تمام قوتیں مل کر ایسی ہر سازش ناکام بنادینگے، وفاق پر دھاندلی کے الزام لگانے والے خود بے نقاب ہوچکے ہیں، میانمار میں مسلمانوں کے قتل عام پر امریکہ سمیت عالمی اداروں نے مجرمانہ خاموشی اختیار کر رکھی ہے جبکہ میانمار کے مسلمان کھلی دہشت گردی کا شکار ہیں وہ پارٹی راہنمائوں الحاج اکرم خان درانی، مولانا محمد امجد خان، محمد اسلم غوری، مفتی ابرار احمد، حاجی شمس الرحمن شمسی، آغا سید محمد اور دیگر سے گفتگو کررہے تھے۔ فضل الرحمن نے کہا کہ میانمار میں مسلمانوں کا خون پانی کی طرح بہایا جارہا لیکن اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کے ٹھیکیدار خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں جو قابل مذمت اور قابل افسوس ہے۔ انہوں نے کہا کہ انسانی حقوق کے علمبرداروں کو میانمار میں بے گناہ لوگوں کا خون، لاشیں نظر نہیں آرہی جو انتہائی قابل مذمت ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا ہے کہ او آئی سی ان حالات میں فوری اور ہنگامی اقدامات کرے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی دھاندلی کا وایلا کرتی رہی لیکن خود کے پی کے میں دھاندلی کے نئے ریکارڈ قائم کر دیئے ان کی حکومت کے تمام حربوں کے باجود جے یو آئی سب سے زیادہ نشستیں حاصل کرنے میں کامیاب ہوئی۔ موجودہ حکومت کے ہوتے ہوئے دوبارہ بلدیاتی الیکشن قبول نہیں۔