لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعۃ الدعوۃ پاکستان پروفیسر حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ پاک چین راہداری منصوبہ اور کشمیر میں تحریک آزادی کو دن بدن مضبوط ہوتا دیکھ کر بھارت سرکار پریشانی کا شکار ہے۔ بھارتی دھمکیاں گیدڑ بھبھکیوں سے زیادہ کوئی حیثیت نہیں رکھتیں۔ غیور پاکستانی قوم بھارت کو اسکی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کیلئے تیار ہے۔ کل 16 جون کو ایوان اقبال میں بڑا کنونشن ہوگا۔ تمام مذہبی وسیاسی جماعتوں کے قائدین شریک ہوں گے۔ کشمیریوں کی جدوجہد آزادی عروج پر پہنچ چکی۔ جلد بھارت کو اپنی 8 لاکھ فوج وہاں سے نکالنا پڑیگی۔ مرکز القادسیہ چوبرجی میں کارکنوں اور ذمہ داروں کی تربیتی نشست سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ بھارت اسوقت سخت بوکھلاہٹ کا شکار ہے اور اس پر جنون طاری ہے۔ بھارتی حکمرانوں کو کچھ سجھائی نہیں دے رہا کہ انہیں کرنا کیا ہے؟ لیکن اسے یہ بات ضرور یاد رکھنی چاہئے کہ پاکستان اللہ کے فضل و کرم سے ایٹمی قوت ہے اور بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینا جانتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی سے پہلے انکے وزیر دفاع اور وزیرخارجہ کے بیانات بھی پاکستان دشمنی پر مشتمل تھے۔ مودی نے دورہ بنگلہ دیش کے دوران ڈھاکہ میں واجپائی کا ایوارڈ وصول کرتے وقت جو باتیں کیں انہیںکسی صورت نظرانداز نہیں کیا جاسکتا۔ ہم جلسوں، کانفرنسوں اور اجتماعات کے ذریعے عوام الناس میں زبردست بیداری کا ماحول پیدا کریں گے۔ پاکستان کی عوام پر میانمار کے مسلمانوں کی مدد کرنا فرض ہے۔ جماعۃ الدعوۃ نے انڈونیشیا میںروہنگیا مسلمانوں کو باقاعدہ امداد پہنچانا شروع کر رکھی ہے۔ بیرونی قوتیں بھارت کو پاکستان میں بدامنی پھیلانے کی شہ دے رہی ہیں۔ ہمیں ان سازشوں کو متحد ہوکر ناکام بنانا اور ملک میں اتحاد و یکجہتی کا ماحول پیدا کرنا ہے۔