راولپنڈی (این این آئی) سابق وزیراعظم بینظیر بھٹوکی سابق پولیٹیکل سیکرٹری ناہید خان نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کی قیادت نے اپنے خون سے جمہوریت کے پودے کی آبیاری کی، بھٹو شہید نے غریب عوام کے حقوق اور جمہوریت کیلئے لڑتے ہوئے اپنی جان کا نذرانہ دیا جس کے بعد ان کی بیٹی محترمہ بینظیر بھٹو نے بھی انکی پیروی کی، پیپلز پارٹی پر قابض نام نہاد قیادت کی پالیسیاں پارٹی کے لئے زہر قاتل ہیں جن سے پارٹی کی جڑیں کھوکھلی ہو رہی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان پیپلز پارٹی ورکرز کے زیر اہتمام راولپنڈی میں ان کی سالگرہ کے حوالے سے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب سے صدر صفدر عباسی، جنرل (ر) احسان، سردار حر بخاری، ساجدہ میر، سمیت دیگر نے بھی خطاب کیا۔ تقریب میں بینظیر بھٹو شہید کی سالگرہ کا کیک کاٹا گیا اور صوفیانہ اور شاعرانہ کلام کے ذریعے ان کی جمہوریت کے لئے خدمات پر بھرپور خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ ناہید خان نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے نظریاتی کارکن مایوس نہ ہوں بلکہ سے بھٹو شہید اور بی بی شہید کے سیاسی میراث کے علم کو مضبوطی سے تھامے رکھیں۔ صفدر عباسی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بینظیر بھٹو شہید نے جمہوریت اور عوام کے حقوق کے لئے لڑتے ہوئے اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا، ہم اس خون کو رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔ پیپلز پارٹی سے جدا نہیں، پیپلز پارٹی ورکرز ایک پلیٹ فارم ہے جس کا قیام اپنی شناخت تلاش کے لئے سرگرداں کارکنوں کے لئے عمل میں لایا گیا ہے ،نظریاتی کارکن ہی پیپلز پارٹی کے اصل وارث ہیں اور انہیں کوئی پیپلز پارٹی سے الگ نہیں کر سکتا۔
قابض قیادت کی نام نہاد پالیسیاں پیپلز پارٹی کیلئے زہر قاتل ہیں: ناہید خان
Jun 15, 2015