جوڈیشل کو تحقیقاتی کمشن میں بدلنے کا مطالبہ عمران کی شکست کا اعتراف ہے: پرویز رشید

Jun 15, 2015

اسلام آباد (اے پی پی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات پرویز رشید نے کہا ہے کہ جوڈیشل کمشن کو تحقیقاتی کمشن میں بدلنے کا مطالبہ عمران خان کی شکست کا اعتراف ہے، عمران خان اپنے جھوٹ کو تسلیم کرکے الزامات پر معافی مانگیں، آر اوز کو بلانا یوٹرن کے بادشاہ کا ایک نیا یوٹرن ہے، جوڈیشل کمشن کی باقاعدہ کارروائی کے دوران تحریک انصاف نے آر اوز کو بطور گواہ نہیں بلایا، نیا مطالبہ ملکی سیاست کو الجھائے رکھنے کی کوشش ہے تا کہ ترقی کے اہداف حاصل نہ کئے جا سکیں۔ تحریک انصاف کی جانب سے جوڈیشل کمشن کو لکھے گئے خط پر ردعمل میں انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی جانب سے جوڈیشل کمشن کو لکھا گیا خط اور مطالبہ دراصل عمران خان کی شکست کا اعتراف ہے، ثبوت، دستاویزات اور گواہیاں پیش کرنے کے دعوے میں ناکام ہونے کے بعد پی ٹی آئی نے جوڈیشل کمشن کو خطوط لکھنا شروع کر دیئے ہیں۔ عمران خان پہلے دن سے اپنے الزامات کی صداقت تسلیم کرنے میں ناکام رہے، وہ جوڈیشل کمشن کے سوالوں کے جواب نہیں دے سکے، وہ نہیں بتا سکے کہ انتخابات میں دھاندلی کا سرغنہ کون تھا؟ کیا منصوبہ تھا؟ کس نے اس پر عملدرآمد کرایا؟۔ ڈی چوک کی رونقیں پہلے دن سے ہی ختم ہونا شروع ہو گئی تھیں، ڈی چوک کا پیغام محض ٹی وی سکرین تک ہی محدود تھا، ڈی چوک سیاست کیلئے عوامی حمایت کی مسلسل کمی نے عمران خان کو بوکھلا دیا تھا، عمران اپنے الزامات واپس لیں، دہشت گردی کے خاتمے، ملکی ترقی و خوشحالی کے ایجنڈا کی تکمیل کی راہ میں رکاوٹ نہ بنیں۔

مزیدخبریں