لاہور (خبرنگار) ترجمان حکومت پنجاب سید زعیم حسین قادری نے پرویز الٰہی کی پریس کانفرنس پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ میٹرو پر تنقید کرنے والے دراصل غریب آدمی کے دشمن ہیں۔ میٹرو پر عوام کا بھرپور اعتماد اس منصوبے پر تنقید کرنے والوں کے منہ پر طمانچہ ہے۔ یہ ایک کھلی حقیقت ہے کہ شہباز شریف کا دور شفافیت اور ترقی و خوشحالی کا دور ہے۔ اس کے برعکس ق لیگ کے عہد اقتدار میں پڑھے لکھے پنجاب کے نام پر عوام کے ساتھ ڈرامہ کیا گیا۔ پنجاب میں ق لیگ کے ترقیاتی منصوبے لوٹ مار کی مثال تھے۔ پرویز الٰہی خودساختہ اعداد و شمار سے عوام کو گمراہ نہیں کرسکتے۔ علاوہ ازیں صوبائی وزیرقانون رانا ثناء اللہ خاں کا کہنا ہے کہ پرویزالٰہی اینڈ کمپنی نے صوبے کو دیوالیہ کرنے میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی تھی۔ پرویزالٰہی دور کے تمام منصوبے لوٹ مار اور کرپشن سے عبارت تھے۔ ان کے دور میں کوئی بھی منصوبہ کرپشن اور ناقص منصوبہ بندی کی وجہ سے پایہ تکمیل کو نہ پہنچ سکا۔ انہوں نے کہا کہ پرویزالٰہی صوبے کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کے منصوبوں سے پریشان ہیں اورغلط اعداد و شمار سے عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ پرویزالٰہی دور کی لوٹ مار اور کرپشن کی وجہ سے عوام نے انہیں مسترد کیا۔ پرویزالٰہی کی پریس کانفرنس پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انتخابات میں ضمانتیں ضبط کروانے والے تنقید کرنے سے پہلے اپنے گریبان میں جھانکیں۔
میٹرو پر عوام کا اعتماد تنقید کرنے والوں کے منہ پر طمانچہ ہے، زعیم قادری: پرویز الٰہی دور کے منصوبے لوٹ مار سے عبارت تھے: رانا ثناء
Jun 15, 2015