کنٹینرز کے ذریعے انقلاب نہیں آتا جدوجہد کرنا پڑتی ہے: حاصل بزنجو

کراچی (سٹاف رپورٹر) نیشنل پارٹی کے سربراہ سینیٹر میر حاصل بزنجو نے کہا ہے کہ بعض عناصر نے ملک میں دہشت گرد پیدا کئے اور لوگوں کو بندوقیں دیں۔ ریاست کی جانب سے آج تک عوام کو ان کے ملکیتی حقوق فراہم نہیں کئے گئے، جس کی وجہ سے لوگوں میں ریاست سے توقعات کم ہوگئی ہیں۔ مسائل کے حل کے لئے ریاست کو بھرپور کوششیں کرنی ہوں گی اور عوام کو ان کے جائز حقوق اور مسائل حل کرنے ہوں گے۔ کنٹینر پر بیٹھ کر انقلاب کی باتیں کرنے والوں کو انقلاب کا مطلب بھی پتہ نہیں ہے۔ کنٹینرز کے ذریعے انقلاب نہیں آتا۔ انقلاب کے لئے جدوجہد کرنی پڑتی ہے۔ مسائل کے حل کا اصل پلیٹ فارم پارلیمنٹ ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی پریس کلب میں نیشنل پارٹی سندھ کے قومی کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر نیشنل پارٹی سندھ کے انتخابات ہوئے نئی کابینہ نے حلف اٹھایا۔ میر حاصل بزنجو نے ان سے حلف لیا۔ منتخب ہونے والے نئے عہدیداروں میں رمضان میمن صدر، تاج مری جنرل سیکرٹری، نائب صدور حبیب الرحمن، میر ذوالفقار، فنانس سیکرٹری شاہینہ بلوچ، جوائنٹ سیکرٹری مختار بلوچ، لیبر سیکرٹری مخدوم ایوب قریشی، سیکرٹری اطلاعات رئوف بلوچ اور دیگر شامل ہیں۔

ای پیپر دی نیشن