قومی ائیر لائن کے ذریعے منشیات سمگلنگ میں ملوث افراد رعایت کے مستحق نہیں: چودھری نثار

اسلام آباد (خبر نگار خصوصی) وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار نے کہا کہ قومی ائیر لائن کے ذریعے منشیات سمگلنگ کی کوشش سے نہ صرف ایک سنگین جرم کا ارتکاب ہوا ہے بلکہ ملکی وقار اور نیک نامی کو ٹھیس پہنچانے کی کوشش کی گئی ہے، واقعے میں ملوث افراد کسی رعایت کے مستحق نہیں جلد منطقی انجام تک پہنچایا جائے۔ بدھ کو وفاقی وزیر داخلہ نے یہ بات ڈی جی اینٹی نارکوٹکس فورس میجرجنرل مسرت نواز ملک سے ٹیلی فونک گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ ڈی جی اینٹی نارکوٹکس نے وفاقی وزیر داخلہ کو پی آئی اے کے مسافر طیارے سے منشیات کی برآمدگی سے متعلق کیس کی تحقیقات میں اہم پیشرفت سے آگاہ کیا۔ اب تک کی جانیوالی تحقیقات میں اہم کامیابیاں حاصل ہوئی ہیں جس کے نتیجے میں چند گرفتاریاں عمل میں لائی گئی ہیں، انہوں نے کہا کہ آئندہ چند روز میں مزید پیشرفت متوقع ہے۔ اس موقع پر وزیر داخلہ نے کہا کہ قومی ائیر لائن کے ذریعے منشیات سمگلنگ کی کوشش سے نہ صرف ایک سنگین جرم کا ارتکاب ہوا ہے بلکہ ملکی وقار اور نیک نامی کو ٹھیس پہنچانے کی کوشش کی گئی ہے۔ اس واقعے میں ملوث افراد کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں۔ انہوں نے ڈی جی اے این ایف کو ہدایت کی کہ معاملے کی تحقیقات کو جلد از جلد منطقی انجام تک پہنچایا جائے۔ وزیر داخلہ نے طیارہ منشیات کیس کی تحقیقات کے سلسلے میں اے این ایف کے کردار اور پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو سراہا۔

نثار

ای پیپر دی نیشن