چینی وزیر خارجہ رواں ماہ کے آخر میں کابل‘ اسلام آباد کا دورہ کرینگے: سرتاج عزیز

Jun 15, 2017

اسلام آباد (اے این این) چین کے وزیر خارجہ وانگ ژی پاکستان اور افغانستان کے درمیان مفاہمت کرانے کیلئے رواں ماہ کے آخر میں دونوں ملکوں کا دورہ کرینگے جس کی مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے تصدیق کردی۔ غیرملکی میڈیا ”ریڈیو فری یورپ“ کو دئیے گئے انٹرویو میں سرتاج عزیز نے کہاکہ چینی وزیر خارجہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان بات چیت میں سہولت دینے کیلئے رواں ماہ کے آخر میں دونوں ملکوں کے دارالحکومت کا دورہ کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ آستانہ میں شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس کے موقع پر 9جون کو وزیراعظم نوازشریف اور افغان صدر اشرف غنی کی ملاقات میں غلط فہمیوں یا کشیدگی کے خاتمے اور دوسرے خدشات کو دور کرنے کیلئے بات چیت شروع کرنے پر اصولی اتفاق کیا گیا تھا۔ انہوں نے افغانستان، پاکستان، امریکہ اور چین کے حکام پر مشتمل چار فریقی رابطہ گروپ کی بحالی کی تجویز کا بھی ذکر کیا۔ واضح رہے کہ اس سے پہلے افغان صدر اشرف غنی کے ترجمان کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا تھا کہ چین نے پاکستان اور افغانستان کے درمیان مفاہمت کیلئے ثالثی کی خواہش ظاہر کی ہے اور اس سلسلے میں چینی وزیر خارجہ جلد کابل کا دورہ کرینگے۔
سرتاج

مزیدخبریں