کراچی (اسپورٹس رپورٹر) فٹبال ایکسپرٹ اختر محی الدین نے عالمی کپ کے دوسرے روز کھیلے جانے والے میچز پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر مصر نے اپنے پہلے میچ میں یوروگوائے جیسی خطرناک ٹیم کے خلاف محمد صلاح کو آرام کا موقع دیا تو مصر کو آگے کے میچز میں آسانی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ محمد صلاح کو اس وقت مزیدآرام کی ضرورت ہے۔ مصر کی ٹیم اس گروپ میں اگر اپنی جگہ بناناچاہتی ہے تو 2 بار کی سابق عالمی چمپئن یوروگوائے کے خلاف اس ٹیم کو محمد صلاح کو فائنل الیون میں شامل نہیں کرناچاہیے۔مصر اس وقت اپنے جارحانہ فٹبال کی وجہ سے اپنے دیگر حریفوں کیلئے مشکلات کا باعث بنے گی۔ مصر کی حریف یوروگوائے کی ٹیم میں سواریز کی موجودگی کی وجہ سے یوروگوائے کا پلہ مصر پر بھاری ہوگا۔ دوسری جانب پرتگال اور اسپین کے درمیان میچ میں شائقین کو دلچسپ مقابلہ دیکھنے کو ملے گا۔ جبکہ گروپ بی میں ایران اور مراکش دونوں ہم پلہ ٹیمیں ہیں۔ تاہم مراکش کو اپنے سخت جان کھلاڑیوں کی وجہ سے ایڈوانٹیج حاصل ہوگا۔