کراچی (نوائے و قت نیوز)نگراں وزیراعلیٰ سندھ فضل الرحمن نے سندھ میں زرعی پانی کی چوری روکنے کیلئے رینجرز تعینات کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔وزیراعلیٰ ہائوس میں محکمہ آبپاشی سے متعلق اجلاس کی صدارت نگراں وزیراعلیٰ سندھ فضل الرحمن نے کی۔ اجلاس میں وزیر آبپاشی مشتاق شاہ، پرنسپل سیکرٹری سہیل راجپوت و سیکریٹری آبپاشی جمال شاہ نے بھی شرکت کی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے نگراں وزیراعلیٰ نے کہا کہ پانی چوری میں ملوث جو کوئی بھی ہیں انہیں فوراً گرفتار کریں اور زمینداروں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کریں کیونکہ جب تک چھوٹے کمداروں کے خلاف مقدمات درج ہونگے مسئلہ حل نہیں ہوگا۔انہوں نے کہا کہ کسانوں کو فصلوں کی کاشت و تیاری میں شدید مشکلات کا سامنا ہے لوگوں کو پانی سے محروم نہ کیا جائے۔