اسلام آباد (بی بی سی اردو ڈاٹ کام) تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان ان کے دوست اور قریبی ساتھی زلفی کون ہیں اور عمران کے لئے اہم کیوں ہیں۔ بی بی سی کے مطابق عمران خان کی جماعت تحریک انصاف میں زلفی بخاری کا کوئی عہدہ نہیں لیکن ان کی نجی زندگی کے بارے میں بات کی جائے تو ماضی قریب میں شاید ہی کوئی ایسا اہم واقعہ ہو جس میں زلفی بخاری کا نام سامنے نہ آیا ہو۔وہ عمران خان کی جانب سے ان کی دوسری اہلیہ ریحام خان کو طلاق دینے کے بعد کے معاملات طے کرنا ہو یا موجودہ اہلیہ بشری بی بی سے نکاح کی گواہی زلفی بحاری کا نام ہی سرفہرست نظر آتا ہے۔زلفی بخاری کے قریبی رشتہ دار اور مسلم لیگ ن کے سابق سینیٹر ظفر شاہ نے بی بی سی کو بتایا کہ زلفی بخاری عمران خان کو سیاست میں آنے سے پہلے سے جانتے ہیں۔ان کا کہنا تھا زلفی بخاری برطانوی شہری ہیں اور وہ اپنی اہلیہ اور دو بیٹوں کے ہمراہ مستقل طور پر تو لندن میں رہتے ہیں تاہم ان کے والدین اور دیگر رشتہ دار پاکستان میں ہیں۔ظفر شاہ کے مطابق زلفی بخاری جائیداد کی خریدوفروخت کے کاروبار سے منسلک ہیں جو انگلستان میں ہے اور ان کے علم کے مطابق پاکستان میں زلفی کا کوئی کاروبار نہیں ۔انھوں نے بتایا پاکستان میں موجودگی کے دوران وہ تقریباً سارا دن عمران خان کے ساتھ ہی ہوتے ہیں اور ان کی ساری مصروفیات بھی انھی سے متعلق ہوتی ہیں۔مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق لندن میں بھی عمران خان کی زیادہ تر میزبانی زلفی بخاری ہی کرتے ہیں اور انھیں متعدد بار لندن کے ہیتھرو ایئر پورٹ پر عمران خان کا استقبال کرتے دیکھا گیا۔ تحریک انصاف کے سیکرٹری اطلاعات فواد چودھری نے کہا کہ عمران خان اس بات سے لاعلم تھے زلفی بخاری کا نام کسی فہرست میں تھا۔ انہوں نے کہا تھا کہ زلفی بخاری کے پاس برطانوی شہریت ہے اس لیے ان کا نام کسی ایسی فہرست میں نہیں ہو سکتا اور غیر ضروری تنازعہ کھڑا کیا گیا۔ انھوں نے کہا زلفی بخاری کا ایک روپے کا پاکستان میں کاروبار نہیں اور نہ ہی پاکستان میں مالی معاملات دیکھنے والے حکام سے ان کا کوئی لینا دینا ہے تو ان کا نام کسی فہرست میں شامل کیسے ہو سکتا ہے۔کئی بار ایسا ہوتا ہے ائرپورٹ پر جا کر پتہ چلتا ہے پاسپورٹ کے ساتھ کوئی مسئلہ ہے تو ان کے ساتھ بھی ایسا ہوا جو وہیں کلیئر ہو گیا اور وہ آرام سے چلے گئے۔آن لائن کے مطابق زلفی بخاری نے کہا ہے تحریک انصاف کیخلاف سازش ہو رہی ہے اور میری عمران خان کے ساتھ روانگی کو بلاوجہ ایشو کے طور پر اچھالا جا رہا ہے، مجھے 6 دن کیلئے بیرون ملک روانگی کی اجازت دی گئی اور میں 3 دن میں واپس آ گیا۔ مجھے باہر بھجوانے کیلئے عمران خان نے کسی شخص کو فون نہیں کیا۔ میرا موازنہ حسن اور حسین نواز سے کرنا درست نہیں، میں لندن بھاگا نہیں بلکہ لندن سے آیا ہوں۔
زلفی بخاری کا تحریک انصاف میں کوئی عہدہ نہیں ،عمران کیلئے اہم کیوں؟بی بی سی روانگی کو بلاوجہ اچھالا جا رہا ہے، دست راست
Jun 15, 2018