لاہور (خصوصی نامہ نگار) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹرطاہرالقادری نے معتکفین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حقوق و فرائض کی ادائیگی میں عدم توازن کی وجہ سے گھریلو اور خاندانی زندگی میں انتشار ہے اور اس انتشار کے منفی اثرات عائلی زندگی کے ساتھ ساتھ پورے معاشرے پر مرتب ہوتے ہیں اسلام نے ہر طبقہ کے حقوق و فرائض متعین کیے، انہوں نے کہا کہ نبی اکرمؐ کا فرمان ہے کہ تم میں سے بہتر شخص وہ ہے جو اپنے گھر والوں کیلئے بہتر ہو اور پھر آپ نے فرمایا اور میں اپنے گھر والوں کیلئے تم سب سے بہتر ہوں۔۔ انہوں نے کہا کہ اسلام انسانیت،اخلاق، کردار اور حسن عمل کا درس دیتا ہے اورآج ہم نے اپنی عادات و اطوار اور اعمال کا محاسبہ کرنا چھوڑ دیا ہے اور ہمیں اندازہ ہی نہیں ہے کہ روز مرہ کی زندگی میں ہم کتنے حقوق ایسے ہیں جن کی ادائیگی ہمارے ذمہ ہے مگر انھیں ادا نہیں کر رہے، حقوق العباد کی ادائیگی کے تقاضوں کی نفی بے چینی اور بد امنی کی ایک بڑی وجہ ہے ، اگر حقوق العباد نظر انداز ہوں گے تو حقوق اللہ کی ادائیگی بھی کوئی نفع نہیں دے سکے گی، انہوں نے کہا کہ نبی اکرمؐنے فرمایا اہل ایمان میں سے کامل تر مومن وہ ہے جو ان میں سے بہترین اخلاق کا مالک ہے۔