آسٹریلیا کے شہر سڈنی میں سال کا سرد ترین دن

سڈنی (اے پی پی) آسٹریلیا کے شہر سڈنی میں جمعرات کو سال کا سرد ترین دن رہا جبکہ نیو سائوتھ ویلز کے تفریحی مقامات پر برف باری ہوئی۔آسٹریلوی اخبار کی رپورٹ کے مطابق ساحلی شہر سڈنی میں جمعرات کو درجہ حرارت 14ڈگری سینٹی گریڈ تک گرگیا اور موسم صاف ہونے کے باوجود شہر میں یخ ہوائیں چل رہی ہیں جس سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے۔ محکمہ موسمیات نے سڈنی میں (آج) جمعہ کو بھی یخ بستہ ہوائیں چلنے کی پیش گوئی کی ہے جن کی رفتار چالیس کلو میٹر فی گھنٹہ تک پہنچ سکتی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آسٹریلوی ریاست نیو سائوتھ ویلز کے تفریحی مقامات پر تقریباً دو فٹ تک برفباری ہوسکتی ہے اور اتوار کو درجہ حرارت ریکارڈ کم ترین سطح تک گرسکتا ہے۔ محکمہ موسمیات نے الپائن کے علاقے میں بھی شدید برف باری کی پیش گوئی کی ہے۔ واضح رہے کہ زمین کے جنوبی نصف کرے میں واقع آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں ان دنوں موسم سرما اپنے عروج پر ہے۔ یہاں موسم گرما دسمبر جنوری میں آتا ہے۔

ای پیپر دی نیشن