سرینگر‘ مقبوضہ کشمیر کے سینئر صحافی شجاعت بخاری کوشہید کر دیا گیا

Jun 15, 2018

اسلام آباد (سپیشل رپورٹ/ سٹاف رپورٹر) مقبوضہ کشمیر میں رائیزنگ کشمیر کے ایڈیٹر شجاعت بخاری کو نامعلوم افراد نے شہید کر دیا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق شجاعت بخاری اپنے اخبار کے دفتر سے نکل کر گاڑی پر سوار ہورہے تھے کہ موٹر سائیکلوں پر سوار افراد نے ان پر فائرنگ کی۔ شجاعت بخاری مقبوضہ کشمیر میں بھارتی اخبار ’’دی ہندو‘‘ کے بیورو چیف بھی رہے ہیں۔ دریں اثناء پاکستان نے مقبوضہ کشمیر کے کثیرالاشاعت انگریزی اخبار ’’ رائزنگ کشمیر‘‘ کے مدیر اور نامور صحافی شجاعت بخاری کو شہید کئے جانے کی شدید مذمت کی ہے۔ دفتر خارجہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ ہم نے یہ خبر گہرے دکھ اور صدمہ کے ساتھ سنی ہے کہ شجاعت بخاری کو ان کے دفتر کے باہر نامعلوم افراد نے شہید کر دیا ہے۔ ترجمان نے بیان میں کہا کہ شجاعت بخاری ایسے صحافی تھے جنہوں نے ہمیشہ جرات اور عزم کے ساتھ اپنے پیشہ ورانہ فرائض سر انجام دئے۔ انہوں نے شجاعت بخاری کی بلندی درجات اور لواحقین کے صبر جمیل کیلئے دعا کی۔

مزیدخبریں