لاہور(خصوصی رپورٹر)مسلم لیگ (ق)کے سینئرمرکزی رہنما و سابق نائب وزیراعظم چودھری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ق اور پی ٹی آئی کے کارکن اپنے مشترکہ سیاسی دشمن کو پہچانیں اس کی سازشوں پر نظر رکھیں اور اس کی چالوں سے بچیں۔ وہ تلہ گنگ میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 65 سے اپنے کاغذات نامزدگی کی منظوری کے بعد میڈیا اور وہاں بڑی تعداد میں موجود رہنمائوں و کارکنوں سے گفتگو کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے تلہ گنگ کے عوام کی مثالی خدمت کی، یہاں کے عوام ہمارے لیے دعائیں کر رہے ہیں اور ہمیں بھاری اکثریت سے کامیاب کرائیں گے کیونکہ ن لیگ نے تلہ گنگ میں بھی فرضی وعدوں اور جھوٹے دعوئوں کے سوا کچھ نہیں کیا، یہاں پر مسلم لیگ ق اور پی ٹی آئی میں سیٹ ایڈجسٹمنٹ ہو گئی ہے، اللہ کے فضل اور عوام کی حمایت سے جیت ہماری ہوگی، ہم نے ماضی میں نہ صرف اس حلقہ بلکہ ضلع کی مثالی خدمت کی، تلہ گنگ سٹی ہسپتال، چکوال سے میانوالی اور اکوال سے شاہ محمد والی اور پنچند تک سڑکیں تعمیر کروائیں، کامیابی کے بعد قصبہ لاوہ کو گیس کی فراہمی کے علاوہ بلکسر سے میانوالی تک ون وے روڈ بھی بنوائیں گے۔ پورے ملک کی طرح تلہ گنگ میں بھی ہمارا الیکشن چرا کر میرے اس حلقہ کے عوام کے مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈالا گیا، تلہ گنگ کو اپنا دوسرا گھر سمجھتا ہوں، حافظ عمار یاسر نے ہمیشہ اس علاقہ کے عام آدمی کا مقدمہ لڑا ہے، تمام دیگر پسماندہ اور غریب علاقوں کی طرح اس علاقہ کی ترقی، تعلیمی و طبی سہولتوں، گیس، بجلی کی فراہمی اور بیروزگاری و غربت کا خاتمہ ہمارا مشن ہے۔