بلیک لسٹ سے نام اخراج، حتم امتناعی کیلئے زلفی بخاری کی د رخواست مسترد

اسلام آباد (وقائع نگار) عمران خان کے قریبی دوست زلفی بخاری کا نام بلیک لسٹ سے نکالنے کی درخواست پر اسلام آباد ہائیکورٹ نے وزارت داخلہ اور نیب کو نوٹس جاری کرتے ہوئےجواب طلب کرلیا ہے عدالت نے وزارت داخلہ کا نوٹیفکیشن معطل کرکے حکم امتناع دینے کی زلفی بخاری کی درخواست مسترد کردی جمعرات کو جسٹس عامر فاروق نے زلفی بخاری کی درخواست پر سماعت کی، جس میں موقف اختیار کیا گیا کہ زلفی بخاری پر عائد سفری پابندیاں بنیادی انسانی حقوق سے متصادم ہیں۔ 11 جون کو عمرہ روانگی پر ائیر پورٹ پر غیر قانونی طورپر روکا گیا۔ بعد ازاں چھ دن کے لیے استثناء دیتے ہوئے جانے کی اجازت ملی، نام بلیک لسٹ میں غیر قانونی طور پر شامل کیا گیا، نیب صرف جاری انکوائری کی بنیاد پر سفری پابندی نہیں لگا سکتا۔ وزارت داخلہ اور نیب کو احکامات سفری پابندی ختم کرنے کا حکم جاری کیا جائے۔ عدالت نے زلفی بخاری کا نام بلیک لسٹ سے نکالنے کی درخواست باقاعدہ سماعت کے لیے منظور کرتے ہوئے نیب اور وزارت داخلہ کو اکیس جون کیلیے نوٹس جاری کردیا ہے وزارت داخلہ کے سیکشن افسر ای سی ایل کو بھی آئندہ سماعت پر طلب کرلیا گیا تاہم زلفی بخاری کی حکم امتناع جاری کرنے کی درخواست عدالت نے مسترد کردی، جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دیے کہ آپ کو حکم امتناع کی کیا ضرورت ہے، ہمارا حکم امتناع دو دنوں میں پہنچے گا آپ اپنا کام آدھے گھنٹے میں کروا لیں گے۔

ای پیپر دی نیشن