50 کروڑ کے انڈومنٹ فنڈ کیلئے 4 رکنی ایگز یکٹو کمیٹی قائم

Jun 15, 2018

اسلام آباد(وقائع نگار خصوصی)نگراں وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات وقومی ورثہ بیرسٹر سید علی ظفر نے پچاس کروڑ روپے کے انڈومنٹ فنڈ کے لئے چار رکنی ایگزیکٹو کمیٹی کی منظوری دے دی۔ وفاقی سیکریٹری قومی تاریخ وادبی ورثہ ڈویژن انجینئر عامر حسن کی سربراہی میں قائم کمیٹی انڈومنٹ فنڈز کے شفاف استعمال کو یقینی بنانے کے علاوہ ملک میں علمی، ادبی اور تاریخی ورثہ سے متعلق سرگرمیوں، منصوبہ جات کی نشاندہی، رقوم کی فراہمی، اور نگرانی کے امور کی بھی ذمہ دار ہوگی۔ وفاقی وزیر بیرسٹر سید علی ظفر نے جمعرات کو قومی تاریخ وادبی ورثہ ڈویژن میں منعقدہ اعلی سطحی اجلاس کے دوران ایگزیکٹو کمیٹی کی تشکیل کے حکمنامے پر دستخط کئے۔ کمیٹی کے دیگر ارکان میں ممتاز صحافی حمید ہارون، اعجاز رحیم، پروفیسر ڈاکٹر اشرف اور نامور لکھاری مشرف علی فاروقی شامل ہیں۔یہ انڈومنٹ فنڈگزشتہ حکومت کے دور میں پچاس کروڑ روپے کی لاگت سے قائم کیاگیا تھا جس کا مقصد علمی، ادبی اور تاریخی ورثہ سے متعلق سرگرمیوں کا فروغ اور مستحق لکھاریوں کی امداد کے لئے وسائل کی فراہمی کو یقینی بنانا تھا۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراطلاعات بیرسٹرسید علی ظفر نے بچوں کو کتاب دوستی کی طرف راغب کرنے کے لئے قومی سطح پر خصوصی پروگرام شروع کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ ملک کی نامور شخصیات کی خدمات حاصل کی جائیں جو بچوں کو کتابیں پڑھ کر سنائیں۔ اس پروگرام کا آغاز اسلام آباد سے ہوگا۔ بیرسٹر سید علی ظفر نے کہاکہ بچوں میں مطالعہ کی عادت کوفروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے کیونکہ مطالعہ کے رجحان میں کمی آرہی ہے۔ بچوں کو اس طرف راغب کرنے کے لئے دلچسپ انداز اپنانا ہوگا۔ ایسا طریقہ کار اپنایا جائے کہ بچوں کو کتاب خوانی میں دلچسپی پیدا ہو اور وہ مطالعہ کا لطف لے سکیں۔ جب وہ نامور شخصیات سے کتاب سنیں گے تو اس سے ان میں مطالعہ کا ذوق بڑھے گا۔ وزیراطلاعات نے لکھاریوں کے حوالہ سے سرگرمیوں کا سالانہ پروگرام مرتب کرنے کی ہدایت کی تاکہ پورے سال میں علی وادبی سرگرمیوں کا سلسلہ بلاتعطل جاری رہے۔ وزیراطلاعات نے اسلام آباد میں قومی میوزیم کی تعمیر کے لئے کام کو مزید تیز کرنے کی ہدایت کی۔ قومی تاریخ وادبی ورثہ ڈویژن کے جوائنٹ سیکریٹری سید جنید اخلاق نے ڈویژن کے زیرعمل اور مستقبل کے منصوبہ جات کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ قومی میوزیم کے نقشہ پر کام جاری ہے اور یہ کام رواں مالی سال میں مکمل ہونے کی توقع ہے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ آئندہ ماہ مری میں دو روزہ کتاب میلہ منعقد کیاجارہا ہے۔ ادارہ فروغ قومی زبان کے زیراہتمام خطاطی نمائش ہوگی جس میں ملکی اور غیرملکی خطاط حصہ لیں گے۔ ’ادب کے سترسال‘ کے موضوع پر سیمینار جولائی میں ہوگا جبکہ نیشنل لائیبریری گلوبل وژن کے عنوان سے کانفرنس منعقد کررہی ہے جس میں چالیس ممالک سے مندوبین حصہ لیں گے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ یونیسکو کے اشتراک سے لنڈی کوتل سے لاہور تک تاریخی وتہذیبی مقامات کو کتابی شکل دینے کا منصوبہ شروع کیاجارہا ہے جبکہ ڈیپارٹمنٹ آف آرکیالوجی اینڈ میوزیمز(ڈوم) میں چین کے تعاون سے آرکیالوجیکل سروے برانچ قائم کی جارہی ہے جس سے تہذیبی اور تاریخی قدیم مقامات وعمارات کی بہتر دیکھ بھال میں مدد ملے گی۔

مزیدخبریں