سوڈان کے معزول صدر عمر البشیر پرمالی بدعنوانیوں کا الزام عائد

Jun 15, 2019

خرطوم (این این آئی)سوڈان کے پبلک پراسیکیوٹر نے معزول صدر عمر البشیر پر مالی بدعنوانی کا الزام عائد کیا ہے۔سوڈان کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق پراسیکیوٹر جنرل نے 11 اپریل کو فوج کے ہاتھوں معزول ہونے والے سابق صدرعمر البشیر پر مالی بدعنوانی اور اختیارات کے ناجائز استعمال جیسے الزامات عائد کیے ہیں۔ معزول صدر پر غیر ملکی کرنسی قبضے میں رکھنے، حرام کی دولت جمع کرنے اور مشکوک جائیدادیں بنانے کا الزام ہے۔خیال رہے کہ سوڈان میں عوام کے طویل احتجاج کے بعد ملک کی مسلح افواج نے سابق صدر عمر البشیر کو ان کے عہدے سے ہٹا کر اقتدار اپنے ہاتھ میں لے لیا تھا۔عمر البشیر کی معزولی کے بعد قائم کی جانے والی عبوری عسکری کونسل کے سربراہ جنرل عبدالفتاح البْرھان نے دعویٰ کیا تھا کہ سابق صدر کی رہائش گاہ سے 10 کروڑ 13 لاکھ ڈالر کی نقد رقم برآمد ہوئی۔ پراسیکیوٹر جنرل کا کہنا ہے کہ سابق صدر کے خلاف مالی بدعنوانی کے الزامات پر مقدمہ چلانے کے لیے تمام ثبوت اکٹھے کیے گئے ہیں۔

مزیدخبریں