اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ، این این آئی، صباح نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان دعا کریں کہ اگلی حکومت پیپلز پارٹی کی ہو کیونکہ ان کی طرح ہم سیاسی انتقام پر یقین نہیں رکھتے۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ 'نیب کو سیاسی انتقام اور پولیٹیکل انجنیئرنگ کے لیے بنایا گیا ہے، تمام اداروں کو دباؤ اور دھمکیوں کے ذریعے چلانے کی کوشش کی جارہی ہے، جب سے عمران خان کی حکومت آئی ہے محسوس ہو رہا ہے کہ یہ ایک نہیں دو پاکستان ہیں۔ 'انہوں نے کہا کہ 'سیاسی گرفتاریاں عوام کے معاشی قتل سے توجہ ہٹانے کیے لیے کی جارہی ہیں، آصف زرداری اور فریال تالپور کو بجٹ پیشی کے روز گرفتار کرایا جاتا ہے تاکہ عوام کی توجہ ان کے معاشی قتل سے ہٹ جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ 'یہ پی ٹی آئی کا نہیں آئی ایم ایف کا بجٹ ہے جسے اگر یہ دھاندلی کے ذریعے منظور کراتے ہیں تو اس کی کوئی حیثیت نہیں ہوگی۔ 'بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ یہ حکومت بزدلوں کی حکومت ہے، خواتین پر کیسز بنانے والے بزدل لوگ ہیں، پاکستان کے عوام سے سوال پوچھتا ہوں آج کے اور مشرف کے پاکستان میں کیا فرق ہے؟ عدلیہ خودمختار نہیں، میڈیا آزاد نہیں جبکہ معزز جج صاحبان کو سازش کے تحت ہٹایا جارہا ہے، اس کے بعد نئے پاکستان اور آمروں کے پاکستان میں کیا فرق رہ جاتا ہے؟ انہوں نے کہا کہ 'عمران خان کہتے ہیں کہ میں نے آپ کا کیا بگاڑا ہے، آپ نے ہمارا کچھ نہیں بگاڑا لیکن عوام پوچھ رہے ہیں ہمارے سر سے چھت کیوں چھینی جارہی ہے، آج ڈالر اتنا اوپر کیسے پہنچا، عمران خان کی حکومت بھی گرا سکتے ہیں لیکن نہیں گرائی کیونکہ ہم چاہتے ہیں جمہوری حکومت اپنی مدت مکمل کرے، جبکہ عمران خان دعا کریں کہ اگلی حکومت پیپلز پارٹی کی ہو کیونکہ ان کی طرح ہم سیاسی انتقام پر یقین نہیں رکھتے۔ 'انہوں نے کہا کہ عمران خان کی حکومت کنٹینر سے نہیں اتر رہی، آج قومی اسمبلی کے اجلاس میں پوری قوم نے دیکھا کہ حکومت احتجاج کر رہی ہے۔ فریال تالپور کی گرفتاری پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے اسے سیاسی انتقام کی ایک اور مثال قرار دیدیا ہے۔ بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ حکومت جانتی ہے ان کی اکثریت نہیں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آصف زرداری کو گرفتار کرنے کا مقصد معاشی دہشت گردی سے توجہ ہٹانا تھا۔ حکومت نیب کو پریشرائز کرنے کے لئے مختلف ہتکھنڈے استعمال کر رہی ہے۔ نیب سابق صدر پرویز مشرف نے سیاسی انتقام کیلئے بنایا تھا۔ چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ ملک پر چادر اور چار دیواری کا خیال نہ رکھنے والے بزدل حکمران مسلط ہیں۔ آپ کے گھر میں بھی ماں، بہن اور بیٹی ہے، آپ نے ہمیشہ حکومت میں نہیں رہنا۔ دریں اثناء چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے 21جون سے 2 ماہ کی ملک گیر عوام رابطہ مہم شروع کر نے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ نجی ٹی وی کے مطابق 21جون کو پی پی پی نواب شاہ میں جلسہ منعقد کرے گی جس سے بلاول بھٹو زرداری خطاب کریں گے۔ احتجاج صرف سندھ تک محدود نہیں رہے گا بلکہ پنجاب اور ملک کے دیگر حصوں میں بھی جلسے اور ریلیاں منعقد کی جائیں گی۔بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ عمران خان دعا کریں پیپلز پارٹی کی حکومت آئے پھر دیکھیں آپ کے ساتھ کیا ہوتا ہے، حکومت کی طرف سے سیاسی انتقام کا سلسلہ جاری ہے، گزشتہ روز بھی انتقام کی ایک اور مثال قائم کی گئی، چئرمین نیب کے خلاف سازش کی انکوائری نہیں کی گئی۔