کینگروز نے لنکن بولرز کو تگنی کا ناچ نچا دیا، سری لنکا کو 335 رنز کا ہدف

Jun 15, 2019 | 18:23

نیٹ نیوز

ورلڈکپ 2019 کے 20ویں میچ میں آسٹریلیا نے ایرون فنچ کے 153 رنز کی بدولت سری لنکا کو جیت کے لیے 335 رنز کا ہدف دے دیا۔

تفصیلات کے مطابق آسٹریلیا اور سری لنکا کی ٹیموں کے درمیان اوول کے اسٹیڈیم میں ورلڈکپ کا 20واں میچ کھیلا جارہا ہے، سری لنکا کے کپتان  کرونارتنے نے ٹاس جیت پر پہلے باؤلنگ کا فیصلہ کیا جو غلط ثابت ہوا۔

آسٹریلیا کی جانب سے اننگز کا آغاز وارنر اور فنچ نے کیا، دونوں اوپنرز نے پہلی وکٹ کے نقصان پر 80 رنز کی پارٹنر شپ قائم کی اور پھر وارنر 26 کے انفرادی جبکہ 80 کے مجموعی اسکور پر آؤٹ ہوئے۔

دوسرے ہینڈ پر کھیلنے والے ایرون فنچ نے شاندار بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا جبکہ نئے آنے والے بلے باز عثمان خواجہ 10 کے انفرادی جبکہ 100 کے مجموعی اسکور پر پویلین روانہ ہوئے، بعد ازاں اسمتھ نے آکر ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا۔

اسمتھ اور فنچ نے تیسری وکٹ کے درمیان 173 رنز کی شراکت داری قائم کی اسی دوران اوپنر نے بھی اپنی سنچری مکمل کی، 42.4 اوور میں فنچ 132 گیندوں پر 15 چوکوں اور پانچ چھکوں کی مدد سے 153 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے، 278 کے مجموعی اسکور پر اسمتھ ملنگا کی گیند پر کلین بولڈ ہوئے انہوں نے 59 گیندوں پر 1 چھکے اور 7 چوکوں کی مدد سے 73 رنز کی اننگز کھیلی۔

آسٹریلیا کی پانچویں وکٹ 46.6 اوور میں 310 کے مجموعی اسکور پر  اُس وقت گری جب ایس ای مارش صرف تین رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، اڑتالیسواں اوور کینگروز کے لیے اچھا ثابت نہ ہوا کیونکہ 317 اور 320 کے مجموعی اسکور پر کیری اور کیومنز رن آؤٹ ہوئے۔

کینگروز الیون نے مقررہ پچاس اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 334 رنز بنائے، ایرون فنچ 153، اسمتھ 73 اور میکسویل نے 46 رنز کی اننگز کھیل کر نمایاں بلے باز رہے، دسلوا اور اودانا 2 ، 2 وکٹیں لے کر نمایاں باؤلرز رہے جبکہ ملنگا نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

مزیدخبریں