لاہور: پنجاب حکومت نے لاہور میں کورونا سے متاثرہ علاقوں کو کل سے سیل کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ متاثرہ علاقے 2 ہفتے کے لئے بند رہیں گے۔
کورونا وائرس سے متاثرہ علاقوں میں کینٹ، شاد باغ، مزنگ، نشتر ٹاؤن، علامہ اقبال ٹاؤن، ہربنس پورہ، گلبرگ، والڈ سٹی، شاہدرہ کےعلاقے شامل ہیں۔ ان علاقوں میں کھانے پینے کی دکانیں اور میڈیکل سٹورز کھلے رہیں گے۔
وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا لاہور میں کورونا وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے، وزیراعظم نے کہا جن علاقوں میں پھیلاؤ ہے وہاں اقدام کریں، متاثرہ علاقوں کو کل رات 12 بجے تک بند کر دیا جائے گا۔ صورتحال دیکھ کر علاقے کھولنے کا فیصلہ کریں گے۔ افسوس ہوتا ہے جب ہمارا موازنہ نیوزی لینڈ جیسے ملک سے کیا جاتا ہے، عوام ایس او پیز کو سختی سے فالو کرتے رہیں۔
یاسمین راشد کا کہنا تھا جوہر ٹاؤن 358، واپڈا ٹاؤن میں 250 سے زائد کیس رپورٹ ہوئے۔ ایس او پیز کی خلاف ورزی والے علاقوں کو بھی سیل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا ماسک سے 50 فیصد پھیلاؤ روکا جاسکتا ہے۔