آسٹریلیا کی دو سب سے بڑی ریاستوں نیو ساو¿تھ ویلز اور وکٹوریا نے کورونا وائرس کے بعد لاک ڈاون میں نرمی کے اپنے تازہ ترین منصوبوں کا اعلان کردیا ہے۔ پیر کو برطانوی ذرائع ابلاغ کے مطابق نیو ساوتھ ویلز کے حکام نے کہا ہے کہ جنازوں میں 50 لوگوں کی حد کو فوراً ختم کردیا جائے گا۔ حکام کے مطابق اگر کورونا وائرس کے نئے متاثرین کی تعداد کم رہی تو نائٹ کلبز اور موسیقی کے پروگرام اگست سے شروع کیے جا سکیں گے۔ اس کے علاوہ وکٹوریا میں ان ڈور کاروبار اس صورت میں کھولنے کی اجازت ہوگی جب وہاں ایک وقت میں زیادہ سے زیادہ 50 گاہک موجود ہوں۔ یہ اجازت 22 جون سے ہوگی۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ سڈنی سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں ریستوران پہلے ہی کھولے جاچکے ہیں۔ آسٹریلیا میں کورونا وائرس کے سات ہزار 320 مصدقہ متاثرین سامنے آ چکے ہیں جبکہ ہلاکتوں کی تعداد 102 ہے۔