عمران خان سندھ سمیت پورے ملک کی یکساں ترقی کے خواہاں ، فرخ حبیب

اسلام آباد(خصوصی نامہ نگار)وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کا سندھ کے 14پسماندہ ترین اضلاع کی سماجی و معاشی ترقی کے لئے446ارب لاگت کا پیکیج ایک تحفہ ہے، وفاقی حکومت نے عام عوام پر اضافی بوجھ ڈالے بغیر محصولات کا ہدف بڑھایا ہے، صوبائی شیئر 2704ارب سے بڑھ کر 3412 ارب ہوجائے گا،یہ اضافہ25 فیصد ہے، مسلسل تیسری مرتبہ بلخصوص گزشتہ اڑھائی سالوں کے دوران پیپلز پارٹی سندھ میں ڈیلور کرنے میں بری ناکام رہی،کراچی سمیت پورے سندھ کے عوام پیپلز پارٹی کی کرپشن، لوٹ مار،جعلی اکائونٹس سے عاجز آ چکی ہے۔ اپنے ایک بیان میں وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے مزید کہا کہ اندرون سندھ میں غربت ، مہلک بیماریوں کے تمام تر ریکارڈ ٹوٹ چکے ہیں مگر  بے حس سندھ حکومت ٹھس سے مس نہیں ہوئی، اب عوام ان کے خلاف کھڑے ہوچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان سندھ سمیت پورے ملک کے وزیراعظم ہیں اور وہ یکساں ترقی کے خواہاں ہیں، وزیراعظم ملک کی تمام اکائیوں کو یکساں مواقعے فراہم کرنے کے لئے حکومت کا عملی اقدامات اٹھا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مختلف علاقوں میں فرق کو دور کرنے کے لئے جنوبی بلوچستان کے لئے 20ارب،کراچی ٹرانسمیشن پلان کے لئے98 ارب مختص کیے گئے ہیں،   گلگت بلتستان ڈویلپمنٹ کے لئے40 ارب،سندھ کے 14 اضلاع کے لئے 19.5ارب مختص کیے گئے ہیں،سندھ کے ان ترجیحی اضلاع میں بدین،حیدرآباد،لاڑکانہ،ٹنڈویار، دادو،جیکب آباد،میرپور خاص،ٹنڈو محمد خان، گھوٹکی ،خیر پور،نوشہرو فیروز، سانگھڑ،شکار پوراور سکھر  شامل ہیں، یہ منصوبے مکمل ہونے سے عوامی خوشحالی کے نئے دور کا آغاز ہوگا۔

ای پیپر دی نیشن