لاہور (رفیعہ ناہید اکرام) تحریک انصاف کی خواتین ارکان پنجاب اسمبلی نے بجٹ2021-22 کوانتہائی متوازن، عوامی امنگوں کا ترجمان اور خوشخبریوں سے لبریز قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایسا شاندار بجٹ دیکھا نہ سنا۔ لوگوں کو ایسا ریلیف ملے گا کہ جس کی مثال نہیں ملتی۔ صوبہ ترقی و خوشحالی کے نئے دور میں داخل ہوگا۔ دوسری جانب مسلم لیگ (ن) کی خواتین ارکان اسمبلی نے بجٹ کو عوام دشمن اور گمراہ کن قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ بجٹ میں عوام کے لئے کچھ نہیں ہے، عوامی مشکلات میں اضافہ ہوگا۔ تحریک انصاف کی سبرینہ جاوید، فرحت فاروق ، آسیہ امجد نے کہا کہ بجٹ دل جیتنے والا ہے۔ ہر شعبے میں بہتری آئے گی، اقدامات سے معیشت مستحکم ہوگی۔ تحریک انصاف کی سعدیہ سہیل، شازیہ نواز، مومنہ وحید نے کہا کہ حکومت نے بہترین بجٹ پیش کر کے تاریخ رقم کی ہے، تعلیم صحت، سماجی بہبود سمیت ہر شعبے پر توجہ دی گئی ہے ہائرایجوکیشن کیلئے پندرہ ارب کے ترقیاتی فنڈز مختص کئے گئے ہیں جو پچھلے سال سے 285 فیصد زیادہ ہیں۔ تحریک انصاف کی فردوس رائے، نیلم حیات اور سیمابیہ طاہر نے کہاکہ تنخواہوں اور پنشن میں اضافہ خوش آئند ہے۔ مزدور کی کم سے کم اجرت 17 ہزار سے بڑھا کر 20 ہزار کردی گئی ہے۔ مسلم لیگ ن کی ارکان پنجاب اسمبلی عظمیٰ بخاری اور ذکیہ شاہنواز اور حنا بٹ نے کہا کہ بجٹ عوام دشمن ہے ، بھوک ننگ جاری رہے گی۔ آج عوام اشیائے ضروریہ کو ترس رہے ہیں مگر حکومت کو اس کا کوئی خیال نہیں۔ مسلم لیگ ن کی ارکان پنجاب اسمبلی حنا بٹ اور عنیزہ ادریس نے کہا کہ یہ لوگ جتنی مرضی باتیں کرلیں حقیقت میں بیروزگاری اور مہنگائی بڑھے گی، غریب مزید پسے گا، تنخواہوں میں دس فیصد اضافہ اونٹ کے منہ میں زیرہ کے برابر ہے کم از کم بیس فیصد کیا جائے۔