پاکستان عالمی ادارہ محنت کی گورننگ باڈی (جی بی) کا باضابطہ رکن منتخب

Jun 15, 2021

اسلام آباد(خبرنگار)پاکستان عالمی ادارہ محنت (آئی ایل او) کی گورننگ باڈی (جی بی) کا باضابطہ رکن منتخب ہوگیا۔پیر کو جنیوا میں بین الاقوامی لیبر کانفرنس کے 109 ویں اجلاس کے دوران انتخابات ہوئے۔ پاکستان 24-2021 کی مدت کیلئے ایشیاء پیسیفک گروپ سے چار نو منتخب ارکان میں شامل ہے۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق گورننگ باڈی آئی ایل او کی ایک اہم پالیسی اور فیصلہ ساز ادارہ ہے جو 56 باقاعدہ ممبروں (28 حکومتوں ، 14 آجروں اور 14 کارکنوں) پر مشتمل ہے۔ 1947 میں تنظیم میں شمولیت کے بعد سے پاکستان سات بار کے لئے آئی ایل او کی اس ایگزیکٹو باڈی کا باقاعدہ رکن رہا ہے۔یہ انتخاب بین الاقوامی برادری کی طرف سے پاکستان کی مضبوط قیادت پر اعتماد کا مظہر ہے۔ترجمان کا کہنا ہے کہ پاکستان گورننگ باڈی کے ممبران اور دیگر اتحادیوں کے ساتھ مل کر معاشی بحالی ، پیداواری صلاحیت اور روزگار میں اضافے کیلئے کام کرے گا۔

مزیدخبریں